پرائیویٹ سکولز کی اضافی فیس سے متعلق کیس ، چیئرمین پیرا کا جاری کردہ نوٹیفیکیشن 10فروری تک پیش کرنے کا حکم

پیر 8 فروری 2016 12:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔08 فروری۔2016ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پرائیویٹ سکولز کی اضافی فیس سے متعلق کیس میں اضافی فیس وصولی سے متعلق چیئرمین پیرا کی جانب سے جاری کردی نوٹیفیکیشن 10فروری تک پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے پرائیویٹ سکولز کی اضافی فیس سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

عدالت میں پرائیویٹ سکولز فیڈریشن کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے بتایا کہ پرائیویٹ سکولز کی رجسٹریشن 2013 ایکٹ کے تحت ہوئی تمام پرائیویٹ سکولز کی فیس نہیں بڑھائی گئی جس پر جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ جن پرائیویٹ سکولز کی فیس بڑھائی گئی کیا وہ ریفنڈ ہوگی فیس ریفنڈ کی نوبت کب آتی ہے۔ جس پر فیڈریشن کے وکیل نے بتایا کہ اضافی فیس وصول کرنے والا نوٹیفکیشن چیئرمین پیرا جاری کیا تھا۔ چیئرمین پیرا اس وقت قائم مقام چیئرمین تھے۔ عدالت نے چیئرمین پیرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 10فروری تک ملتوی کردی۔