میٹروٹرین ، سرکاری دفاتر میں تعینات سول ڈیفنس اہلکاروں کو تنخواہیں نہ ملنے پر پنجاب اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع

پیر 8 فروری 2016 12:42

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 فروری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ق)کی رکن پنجاب اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی نے میٹروٹرین اور سرکاری دفاتر میں تعینات سول ڈیفنس اہلکاروں کو تنخواہیں نہ ملنے پر پنجاب اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کروادیا ۔ اپنے توجہ دلاؤ نوٹس میں انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے خزانے کی تمام رقم میٹروٹرین پر خرچ کررہی ہے جبکہ سول ڈیفنس ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں ،3ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں اور سول ڈیفنس ملازمین کے بچے اور انکے اہل خانہ فاقہ کشی کا شکار ہیں ۔

محکمہ سول ڈیفنس کے اہلکارمختلف سرکاری محکموں کے ساتھ ساتھ اورنج لائن میٹروٹرین روٹ پر بھی ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

سخت ڈیوٹی کے باوجود محکمہ کی جانب سے ستائش اور تعریفی اسناداور انعام دیئے جانے کی بجائے انہیں ان کی تنخواہیں ہی فراہم نہیں کی جارہی جو ان کے معاشی قتل کے مترادف ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ محکمہ سول ڈیفینس کے مذکورہ ملازمن کو فی الفور تین ماہ کے بقایا جات ادا کرنے کے ساتھ ساتھ ہر ماہ باقاعدگی سے انہیں تنخواہوں کی ادائیگی کی جائے نیز سول ڈیفنس ملازمین کی تنخواہوں میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر کی رپورٹ پنجاب اسمبلی کے ایوان میں پیش کی جائے ۔