طیارہ حادثہ کیس ،گرفتار پائلٹ عصمت محمود کی درخواست ضمانت سماعت کیلئے منظور ، پولیس سے ریکارڈ طلب

شراب پی کر طیارہ اڑانے کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں، نجی ائیرلائن کو بچانے کے لیے مقدمہ میں پھنسایاگیا‘ درخواست گزار

پیر 8 فروری 2016 12:41

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 فروری۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے طیارہ حادثہ کیس میں گرفتار پائلٹ کیپٹن عصمت محمود کی درخواست ضمانت سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے پولیس سے 15روز میں مقدمے کا ریکارڈ طلب کرلیا۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں عصمت محمود کی جانب سے دائر درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی، درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ان کے خلاف مقدمہ جھوٹا اور بے بنیاد ہے، ان پر شراب پی کر طیارہ اڑانے کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں، نجی ائیرلائن کو بچانے کے لیے مقدمہ میں پھنسایاگیا، انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ان کے خلاف درج مقدمے سے دہشت گردی ایکٹ کی دفعات بھی ختم کردی ہیں ، اس لئے ان کی ضمانت منظور کی جائے۔

عدالت نے عصمت محمود کی درخواست ضمانت سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے پولیس سے 15روز میں مقدمے کا ریکارڈ طلب کرلیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 3نومبر کو شاہین ایئرکا بوئنگ 737طیارہ لاہور ایئرپورٹ کے رن وے پراترنے کے بعد توازن کھو کر بائیں جانب مڑ کررن وے سے اترگیا تاہم اس میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تھاتاہم پولیس نے مسافروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے پر عصمت محمود کے خلاف دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا لیکن انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مقدمہ سے دہشت گردی دفعات ختم کر دیں تھیں۔

متعلقہ عنوان :