ملک منفی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا، کنٹینر کی سیاست پہلے بھی ناکام ہوئی آئندہ بھی ناکام ہو گی‘ بہت سارے سیاستدان فوج اور حکومت کے درمیان مثالی ہم آہنگی سے بھی پریشان ہیں

مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر کی علماء کے وفود سے بات چیت

اتوار 7 فروری 2016 17:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 فروری۔2016ء ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہاہے کہ ملک منفی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا، کنٹینر کی سیاست پہلے بھی ناکام ہوئی آئندہ بھی ناکام ہو گی،عمران خاں خیبر پختونخواہ میں اپنی کارکردگی دکھائیں،اورنج ٹرین کا منصوبہ اہل لاہور کے لیے جدید سفری سہولتوں کا شاہکار ثابت ہو گا،سی پیک منصوبہ کی راہ میں بھی روڑے اٹکا ئے جارہے ہیں،بلوچستان میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

اس امر کااظہار انہوں نے مرکزی دفتر میں علماء کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر ساجد میر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار رکھنے کی دشمن کی خواہش کو ہمارے سیاستدان پوراکررہے ہیں۔

(جاری ہے)

احتجاج اور دھرنے حکومت کے خلاف نہیں اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے منصوبوں کے خلاف ہیں۔ پی آئی اے کے بحران کی وجوہات پوری قوم جانتی ہے، اس کوایشو بنا کر عوام کو اشتعال دلانے کی کوشش ناکام ہو گی ۔

کراچی کی عوام نے پی ٹی آئی کے احتجاج کو مسترد کردیا ہے ،قوم باشعور ہے ،اسے جعلی نعروں اور شعبدہ بازیوں سے بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا۔پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ بہت سارے سیاستدان فوج اور حکومت کے درمیان مثالی ہم آہنگی سے بھی پریشان ہیں۔چور راستوں سے اقتدار میں آنے کا زمانہ اب ختم ہو گیا ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے اور اقتصادی ترقی کے منصوبوں پر حکومت اور فوج میں یکجہتی خوش آئند ہے۔ جمہوری نظام کی مضبوطی کا راز بھی اسی میں مضمر ہے کہ تما م ادارے اپنی آئینی حدود میں اپنی ذمہ داریوں کو خوش اسلوبی سے اداکریں۔

متعلقہ عنوان :