بھوٹان کے نئے ولی عہد کی پیدائش،شاہی محل میں جشن ،تاحال بچے کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا

اتوار 7 فروری 2016 15:35

تھمپو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 فروری۔2016ء )بھوٹان کے شاہی جوڑے نے اپنے ہاں پہلے بچے کی پیدائش کا اعلان کردیا، یہ بچہ ہمالیائی اقوام کا ولی عہد ہے۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق بھوٹان کے شاہی خاندان کے میڈیا آفس سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ ولی عہد شہزادہ ہے جس کی پیدائش جمعے کو دارالحکومت تھمپو میں واقع لنکانہ محل میں ہوئی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ شاہی خاندان کے افراد عزت مآب شہزادے کی ولادت پر بہت خوش ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ 2011 میں بھوٹان کے بادشاہ جگمے وینگ چْک نے جیسٹن پیما نامی خاتون سے شادی کی تھی جن کا تعلق کسی شاہی خاندان سے نہیں تھا۔شاہی جوڑنے نے ابھی بچے کے نام کا اعلان نہیں کیا۔شاہی جوڑے کے بچے کی ولادت کے بعد بھوٹان کا پہلا دورہ کرنے والے شاہی جوڑوں میں ڈیوک اینڈ ڈچز آف کیمبرج شامل ہوں گے جو موسم بہار میں بھوٹان کے سرکاری دورے پر جائیں گے۔

بھوٹان کے بادشاہ جگمے وینگ چْک نے بھارت اور برطانیہ میں تعلیم حاصل کی ہے۔ وہ سنہ دو ہزار چھ میں اپنے والد کی بادشاہت سے علیحدگی کے بعد ملک کے بادشاہ بنے۔واضح رہے کہ مارچ سنہ دو ہزار آٹھ میں بھوٹان میں آئینی بادشاہت قائم ہونے کے بعد بادشاہ نے اپنی اختیارات چھوڑ دیے تھے۔