چار ملکی رابطہ گروپ نے افغانستان میں امن اور مفاہمتی عمل کے لئے روڈ میپ طے کرلیا

افغان حکومت اور طالبان کے درمیان فروری کے آخر تک براہ راست مذاکرات کے لئے کوششوں پر اتفاق مفاہمتی عمل کا نتیجہ افغانستان میں ایک ایسا سیاسی حل ہونا چاہیے جس سے افغانستان میں پائیدار امن قائم ہواور شدت پسندی کاخاتمہ ہو، امن عمل کو آگے بڑھانے کیلئے باقاعدہ بنیادوں پر اجلاس منعقد کئے جائینگے، مفاہمتی عمل کیلئے اگلا اجلاس 23 فروری کو کابل میں ہوگا ،چار ملکی رابطہ گروپ کے تیسرے اجلاس میں فیصلے ، مشترکہ اعلامیہ جاری

ہفتہ 6 فروری 2016 22:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 فروری۔2016ء ) چار ملکی رابطہ گروپ نے افغانستان میں امن اور مفاہمتی عمل کے لئے روڈ میپ طے کرتے ہوئے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان فروری کے آخر تک براہ راست مذاکرات کے لئے کوششوں پر اتفاق کیااور کہاکہ مفاہمتی عمل کا نتیجہ افغانستان میں ایک ایسا سیاسی حل ہونا چاہیے جس سے افغانستان میں پائیدار امن قائم ہواور شدت پسندی کاخاتمہ ہو، امن عمل کو آگے بڑھانے کیلئے باقاعدہ بنیادوں پر اجلاس منعقد کرنے اور مفاہمتی عمل کے لئے اگلا اجلاس 23 فروری کو کابل میں منعقدکرنے کا فیصلہ کیاگیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق ہفتہ کو افغانستان میں امن کے حوالے سے چار ملکی رابطہ گروپ افغانستان، پاکستان ، امریکہ اور چین کا تیسرا اجلاس یہاں اسلام آباد میں منعقد ہو اجس کی صدارت پاکستان کے سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں افغانستان کے وفد کی قیادت نائب وزیر خارجہ حکمت خلیل کرزئی ، امریکہ کی پاکستان اور افغانستان کے لئے خصوصی نمائندہ رچرڈ اولسن اور پاکستان کے وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کی ۔

اجلاس کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیہ میں کہاگیا کہ گزشتہ دو اجلاسوں میں ہونے والی پیش رفت کے تحت اجلاس میں افغانستان حکومت اور افغانستان طالبان کے درمیان براہ راست اور جلد از جلد کے طریقہ کار پر غور کیا گیا ۔ گروپ نے مذاکرات کے حوالے سے مراحل اور اقدامات کے حوالے سے طریقہ کار طے کیا ۔ گروپ نے اس بات پر زور دیا گیا کہ مفاہمتی عمل کا نتیجہ افغانستان میں ایک ایسا سیاسی حل ہونا چاہیے جس سے افغانستان میں پر تشدد کارروائیوں کا خاتمہ ہو اور وہاں پر پائیدار امن قائم ہو ۔

چار ملکی رابطہ گروپ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان براہ راست مذاکرات فروری کے آخر تک کرانے کے لئے مشترکہ کوششیں جاری رہیں گی۔ گروپ نے اتفاق کیا کہ افغانستان میں مفاہمت اور امن کے قیام کے لئے مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے کے لئے ریگولر اجلاس منعقد کیے جائیں گے ۔ گروپ نے اتفاق کیا کہ اگلا اجلاس23 فروری کو کابل میں ہو گا ۔ اجلاس کے افتتاحی سیشن سے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے خطاب کیا اور روڈ میپ طے کرنے اور جلد برا ہ راست مذاکرات کرانے پر زور دیا