وزیراعلیٰ بلوچستان کی کوئٹہ میں بم دھماکے کی مذمت

دہشت گردوں کی فوری گرفتاری اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایاجائیگا،نواب ثناء اﷲ زہری

ہفتہ 6 فروری 2016 21:06

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 فروری۔2016ء ) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری نے کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعہ میں معصوم انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کی فوری گرفتاری اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے، جبکہ وزیراعلیٰ نے اپنے اس عزم کا اعادہ بھی کیا ہے کہ صوبے سے دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا، انہوں نے کوئٹہ کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی کے نفاذ اور ڈاکٹر اور طبی عملہ طلب کر کے زخمیوں کو علاج و معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت بھی کی ہے، وزیراعلیٰ نے آئی جی پولیس اور سیکریٹری داخلہ سے واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں اور ہدایت کی کہ شہر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کر کے حفاظتی اقدامات کو مزیدموثر اور فعال بنایا جائے، سیکورٹی فورسز کے گشت میں اضافہ کیا جائے بالخصوص عوامی مقامات پر سیکورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپنی بزدلانہ کاروائیوں کے ذریعہ بیگناہ لوگوں کا خون بہانے والے دہشت گردوں کا نہ توکوئی دین ، مذہب اور قوم قبیلہ ہے اور نہ ہی وہ انسان کہلانے کے قابل ہیں وہ صرف دہشت گرد ہیں، لہذا دہشت گردوں ، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کے خلاف نتیجہ خیز کاروائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا، تمام متعلقہ ادارے دہشت گردوں کے خلاف جاری کاروائیوں کو مزید مربوط اور نتیجہ خیز بنائیں ، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات کو ہر گز برداشت نہیں کیا جا سکتا، ان کی روک تھام اور تدارک کے لیے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہوگا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں، لہذا اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی، تساہل قابل برداشت نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور پولیس پر فائرنگ کے واقعات دہشت گردوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کامیاب کاروائیوں کا ردعمل ہیں، تاہم ناتو حکومت اور نا ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دہشت گردی کی بزدلانہ کاروائیوں سے مرعوب کیا جاسکتا ہے۔ پولیس ، ایف سی اور لیویز کے اہلکار بلوچستان میں امن کے قیام کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں، جنہیں ہم سلام پیش کرتے ہیں، ان کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور شہیدوں کا خون بھی جلد رنگ لائے گا۔

وزیراعلیٰ نے بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔وزیراعلیٰ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :