پاکستان تمام دوست ممالک کے ساتھ پر امن بقائے باہمی کے اصولوں پر دوستی ،تعلقات کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہے‘ رفیق رجوانہ

ملک میں اَمن اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ،دنیا بھر سے سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں‘ گورنر پنجاب کا پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں مختلف ممالک کے سفیروں کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانہ کے موقع پر خطاب

ہفتہ 6 فروری 2016 20:33

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 فروری۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستان تمام دوست ممالک کے ساتھ پرُ اَمن بقائے باہمی کے اصولوں پر دوستی اور تعلقات کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے،پاکستان میں اَمن اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے اور دنیا بھر سے سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع تر مواقع موجود ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں مختلف ممالک کے سفیروں کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔تقریب میں سعودی عرب، اومان، دبئی، تاجکستان ، برازیل ، ترکمانستان، ازبکستان ، کوریا ، پولینڈ ، تیونس، رومانیہ کے سفیروں کے علاوہ سینیٹر نزہت صادق، سینیٹر نجمہ حمید، سینیٹر میر یوسف، سابق چیرمین سینٹ سید نیئر حسین بخاری اور سابق سینیٹر سید ظفر علی شاہ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان ایک پُراَمن ملک ہے اور دنیا میں جہاں کہیں بھی دہشت گردی ہو پاکستان اس کی سختی سے مذمت کر تا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمہ کے لئے آپریشن ضرب غضب کامیابی سے جاری ہے اور اس میں خاطر خواہ کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہیدوں کا لہو ضرور رنگ لائے گا اور ایک دن دہشت گردی کے ناسور کو ہمیشہ کے لئے ختم کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا دشمن بے چہرہ ہے اسے بے نقاب بھی کریں گے اور شکست بھی دیں گے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں اقتصادی ، معاشی،سماجی اور سیاسی ترقی کی طرف گامزن ہے اور انشاء اﷲ جلد پاکستان دُنیا کے نقشے میں ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہوگا اور یہاں ہونے والی تعمیر و ترقی دُنیا کے لئے ایک مثال کی حیثیت رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس نازک وقت میں پاکستان کو توانائی سمیت مختلف چیلنجز کا بھی سامنا ہے جس سے نمٹنے اور مقابلے کے لئے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو ایک سوچ و فکر کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔دریں اثنا ء، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے جناح روڈ کوئٹہ میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس واقعے میں ہونے والی قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ گورنر پنجاب نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے دُعا کی ہے کہ اﷲ تعالیٰ شہداء کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کا حوصلہ دے ۔ انہوں نے زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لئے بھی دُعا کی ہے۔