عوامی تحریک یوتھ ونگ کی ’’ضرب امن دستخطی مہم‘‘ کی افتتاحی تقریب 21فروری کو اسلام آباد میں ہو گی

ڈاکٹر طاہر القادری کی تحریر کردہ قرارداد امن پر 10 لاکھ نوجوانوں کے دستخط لیے جائینگے

ہفتہ 6 فروری 2016 19:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 فروری۔2016ء) عوامی تحریک یوتھ ونگ انتہا پسندی،دہشت گردی اور عدم برداشت کے رویوں کے خلاف اور پاک فوج کے ’’ آپریشن ضرب عضب‘‘ کے حق میں علم و امن مہم میں مصروف عمل ہے،دہشتگردی سے نوجوانوں کو بچانے کیلئے فکری سطح پر شروع کی گئی اس مہم نے خاطر خواہ کامیابیاں حاصل کی ہیں،عوامی تحریک یوتھ ونگ کے زیر اہتمام امن مہم کے سلسلے میں’’ضرب امن دستخطی مہم‘‘ کی افتتاحی تقریب 21فروری کو اسلام آباد میں ہو گی جس میں چیئرمین سپریم کونسل اور عوامی تحریک کے سینئر رہنما ڈاکٹر حسن محی الدین خصوصی شرکت کرینگے، نامور سیاسی،سماجی،علمی و فکری شخصیات اور نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہو ں گی،ان خیالات کا اظہار عوامی تحریک یوتھ ونگ کے صدر مظہر محمود علوی نے اسلام آباد میڈیاسیل میں ضلعی صدر یوتھ ونگ رانا ساجد حسین،جنرل سیکرٹری حمزہ بٹ،محمد سلیم،سفیان صابر،شیخ اقبال،جاوید قریشی اور دیگر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی سالگرہ کو یوم امن کے طور پر منایا جائیگااور نوجوانوں سے عہد لیا جائیگا کہ وہ معاشرے کو انتہا پسندی سے پاک کرنے کیلئے سرتوڑ کوششیں کریں۔

(جاری ہے)

سیکرٹری انفارمیشن علی رضا نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس مہم کے تحت یوتھ ونگ کا ہر نوجوان ڈور ٹو ڈور جا کر نوجوانوں اور طلباء کو اسلام کا پیغام امن و محبت دے گا۔اس مہم کے تحت عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری کی تحریر کردہ قرارداد امن پر 10 لاکھ نوجوانوں کے دستخط لیے جائینگے جس سے انتہا پسندوں اور دہشتگردوں کو فکری محاذ پر شکست دی جائیگی۔