کوئٹہ میں بم دھماکہ افسوناک اور قابل مذمت ہے‘ نائن الیون کے بعد سے بم دھماکوں اور قتل وغارت کاسلسلہ ابھی تک تھمنے کانام نہیں لے رہا‘ملک دشمن بیرونی نیٹ ورک کے خاتمے کیلئے سخت فیصلے کرنا وقت کاناگزیرتقاضا ہے

امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمدکاکوئٹہ دھماکے پر شدید ردعمل

ہفتہ 6 فروری 2016 19:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 فروری۔2016ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کوئٹہ میں لیاقت پارک کے قریب دھماکے میں9افراد کے جاں بحق ہونے اور 40سے زائد زخمی ہونے کے واقعہ کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشتگردی کا یہ واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ حکومت دہشتگردی کی روک تھام کے لئے سنجیدہ عملی اقدامات کرے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کومزید متحرک اور فعال کیا جائے۔

ملک دشمن بیرونی عناصر کے نیٹ ورک کے خاتمے کے لئے سخت فیصلے کرنا وقت کاناگزیرتقاضا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نائن الیون کے بعد پاکستان میں بم دھماکوں اور قتل وغارت کاشروع ہونے والا سلسلہ ابھی تک تھمنے کانام نہیں لے رہا۔پرویزمشرف کی بزدلی کی وجہ سے آج پاکستان خون میں لت پت ہے۔ملک میں مکمل امن کے قیام کے لئے ضروری ہے کہ پاکستان نام نہاد امریکی جنگ سے چھٹکارہ حاصل کرے۔

انہوں نے کہاکہ امریکہ خود تو افغانستان سے نکل چکا ہے مگر اس نے ہمیں اس نہ ختم ہونے والی جنگ میں بری طرح الجھادیا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہماری سول اور عسکری قیادت قومی مفاد کوپیش نظر رکھ کر امریکی پالیسیوں سے جان چھڑائے اور خطے میں ہونے والی تبدیلیوں اور بالخصوص پاکستان کے امن کے لئے بہتر حکمت عملی اختیار کی جائے۔