محکمہ ٹی ایم اے ننکانہ صاحب کا تجاوازات کےخلاف آپریشن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 6 فروری 2016 18:43

ننکانہ صاحب(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی پی اے۔06فروری۔2016ئ) محکمہ ٹی ایم اے ننکانہ صاحب کا گوروبازارننکانہ میں ناجائز تجاوازات کے خلاف آپریشن، ناجائز تجاوزات کرنے والے دوکانداروں کو پولیس کے حوالے کردیا جبکہ مقامی ایم پی اے نے مداخلت کرکے دوکانداروں کو تھانہ سے چھڑوالیا، شہریوں کاڈی سی او ننکانہ اور ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے ننکانہ سے ناجائزتجاوزات کو مستقل طور پر ختم کرنے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق گوروبازار ننکانہ صاحب میں دوکانداروں نے اپنی اپنی دوکانوں کے سامنے غیر قانونی طور پر تجاوزات قائم کر رکھی ہیں اور اپنی دوکانوں کے سامنے ریڑھی والوں کے اڈے لگوا کر ان سے دیہاڑیاں وصول کرنے کا سلسلہ شروع کر کررکھا ہے گوروبازار ننکانہ صاحب میں ناجائز تجاوزات کی بھرمار کے باعث نہ صرف مذکورہ روڈ پر ٹریفک کا جام رہنا معمول بن چکا ہے بلکہ مذکورہ بازار میں واقع درجنوں ڈاکٹروں کی دوکانوں پر مریضوں کو لانے اور لےجانے میں بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے عوامی شکایات پر ٹی ایم اے ننکانہ صاحب کے عملہ نے گزشتہ روز گوروبازار ننکانہ صاحب میں ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کرکے عادی دوکانداروں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا جس پر مقامی ایم پی اے نے فوری طور پر مداخلت کرکے تمام دوکانداروں کو تھانہ سے چھڑوالیا ۔

(جاری ہے)

ٹی ایم اے ننکانہ صاحب کے عملہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعدد بار اعلانات اور زبانی طور پر دوکانداروں کو ناجائز تجاوزات کو ختم کرنے کا کہا تھا اور اس سے قبل بھی مذکورہ روڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا ہے مگر جیسے ہی ٹی ایم اے ننکانہ صاحب کا عملہ آپریشن کر کے واپس دفتر آتا ہے تو دوکاندار دوبارہ اپنی دوکانوں کے سامنے ناجائز تجاوزات قائم کر لیتے تھے جس پر انہوں نے عادی دوکانداروں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا ۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بااثر دوکانداروں کو مقامی ایم پی اے پشت پناہی حاصل ہے جس کی وجہ سے وہ ٹی ایم اے ننکانہ صاحب کے احکاما ت کو ہوا میں اڑاتے ہوئے ڈنکے کی چوٹ پر اپنی دوکانوں کے سامنے ناجائز تجاوزات قائم کیے ہوئے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ناجائز تجاوزات کے باعث نہ صرف خواتین کو بازار میں آنے جانے میں شدید مشکلات کا سامنا رہتا ہے بلکہ اوباش نوجوان رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خواتین کو چھیڑنے سے بھی گریز نہیں کرتے شہریوں نے ڈی سی او ننکانہ ڈاکٹر عثمان علی خاں اور ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے ننکانہ صاحب سے مطالبہ کیا ہے گوروبازار میں ننکانہ صاحب میں قائم ناجائز تجاوزات کو مستقل طور پر ختم ہونا چاہیے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے دوکانداروں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :