باجوڑ میں مسلم لیگ (ن) ، پیپلز پارٹی او رجماعت اسلامی کو دھچکا، درجنوں افراد اے این پی میں شامل

ہفتہ 6 فروری 2016 18:25

باجوڑایجنسی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 فروری۔2016ء ) باجوڑ میں مسلم لیگ (ن) ، پیپلز پارٹی او رجماعت اسلامی کو دھچکا، درجنوں افراد اے این پی میں شامل ۔ تفصیلات کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی باجوڑایجنسی کا ایک شمولیتی تقریب تحصیل سلارزئی کے علاقہ خٹاکورٹ میں غوث الرحمن کے رہائشگاہ پر منعقد ہوا۔ جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔

شمولیتی تقریب میں مسلم لیگ (ن) سے ابراہیم ،سنگین خان ، پی پی پی سے شہاب الدین ، رحمن الدین ، رحمت شاہ ، رحیم شاہ ، سمیع اﷲ ، جماعت اسلامی سے مسعود جان اور غوث الرحمن نے اپنے خاندانوں اور ساتھیوں سمیت عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ تقریب میں اے این پی کے سیکرٹری جنرل گل افضل خان ، سید عبدالمنان کاکاجی ، سیکرٹری اطلاعات شاہ نصیر خان ، ملگری استازان کے صدر عمر خطاب ، ملنگ جان ، وزیر اعظم ،خطاب خان ، افضل خان اور علاقے کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گل افضل خان اور سید عبدالمنان کاکاجی نے کہا کہ موجودہ وقت میں پختون قوم کو ایک مشکل صورتحال کا سامنا ہے اوریہ وقت پختون قوم کی یکجہتی کا ہے کیونکہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والے مکمل طورپر ناکام ہوچکے ہیں اور وہ آج عوامی نیشنل پارٹی کے منظور شدہ کاموں پر تختیاں لگارہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پختون دھرتی میں تبدیلی صرف فخرافغان باچا خان کے پیروکار لاسکتے ہیں ۔