یہ سیاست نہیں ریاست بچانے کاوقت ہے،پرویز مشرف نے سیاست کی بجائے ریاست کواہمیت دی ،قومی مفادمیں دوررس فیصلے کئے ،کسان پرویزمشرف کے دورمیں آسودہ اور اب مایوس ہیں، نوازشریف بنیادی طورپر تجارت پیشہ ہیں ،وہ شروع دن سے سیاست کی آڑمیں تجارت کررہے ہیں

آل پاکستان مسلم لیگ برطانیہ کے چیف ایڈوائزر الطاف شاہد کا یوتھ ونگ کے ورکرزکنونشن سے خطاب

ہفتہ 6 فروری 2016 18:23

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 فروری۔2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ برطانیہ کے مرکزی چیف ایڈوائزر چودھری محمدالطاف شاہد نے کہا ہے کہ یہ سیاست نہیں ریاست بچانے کاوقت ہے،پرویز مشرف نے سیاست کی بجائے ریاست کواہمیت دی اورقومی مفادمیں دوررس فیصلے کئے، پرویز مشرف نے اپنے دورحکومت میں قومی اداروں کی مضبوطی اورمزدوروں سمیت ہنرمندوں کی خوشحالی کیلئے کلیدی کرداراداکیاتھا،کسان بھی پرویزمشرف کے دورمیں آسودہ تھے مگرآج مایوس ہیں، نوازشریف بنیادی طورپر تجارت پیشہ ہیں اوروہ شروع دن سے سیاست کی آڑمیں تجارت کررہے ہیں۔

وہ ہفتہ کو اے پی ایم ایل یوتھ ونگ کے ورکرزکنونشن سے خطاب کررہے تھے ۔ چودھری محمدالطاف شاہدنے مزید کہا کہ ان کے نزدیک ریاست ،قومی حمیت ،ملکی سا لمیت اورقومی معیشت کی کوئی اہمیت نہیں رکھتی ۔

(جاری ہے)

حکمرانوں کی ہٹ دھرمی سے مزیدبگاڑپیداہوگا۔دھاندلی برانڈ حکمرانوں کوعوام پردھونس جمانے کے سواکچھ نہیں آتا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے دورمیں کئی بار مظاہرین پرگولی چلی اوراب تک بیسیوں لوگ مارے جاچکے ہیں۔

اس نام نہادعہدجمہوریت میں شہریوں کے بنیادی حقوق کدھر گئے۔انہوں نے کہا کہ نااہل اورناسمجھ حکمرانوں نے خود پی آئی اے اہلکاروں کواحتجاجی تحریک پراکسایا۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے دواہلکارباوردی اہلکاروں کی گولی سے مارے گئے یاکسی بیرونی شرپسندکانشانہ بنے یہ دونوں صورتوں میں حکومت کی بدانتظامی اورمن مانی کاشاخسانہ ہے۔ ماضی میں شریف برادران کی دھونس پراس ملک میں کئی بار شٹرڈاؤن اورپہیہ جام ہڑتال ہوئی ،اس وقت انہیں قومی وسائل کے ضیاع کاخیال کیوں نہیں آیا ۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی نام نہاد تحریک نجات کے دوران مقروض پاکستان کی کمزورمعیشت کوکئی سوارب روپے کانقصان برداشت کرناپڑا تھا ۔انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف اوران کے حواریوں کارویہ ''اووروں کونصیحت خودمیاں فضیحت ''والی بات ہے ۔حکمران عوام کواپناغلام جبکہ قومی وسائل کوشیرمادرسمجھناچھوڑدیں۔انہوں نے کہا کہ اے پی ایم ایل ہرمظلوم کے ساتھ ہے ،ظالم حکمرانوں کوانصاف کے کٹہرے میں کھڑاکرنے کاوقت آگیا ۔