حکومت کی جانب سے سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی گئی تو فلائٹ آپریشن بحال کردیں گے،عامر ہاشمی

ہفتہ 6 فروری 2016 16:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 فروری۔2016ء) پاکستان ایئرلائن پائلٹس ایسوسی ایشن نے پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو فلائٹ آپریشن بحال کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔پالپا نے پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو فوری فلائٹ آپریشن بحال کرنے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے اور مسافروں کا مزید نقصان برداشت نہیں کر سکتے، 3 دن کا سوگ مکمل ہو چکا، پائلٹس اب کام پر جائیں گے۔

پالپا حکام کا کہنا ہے کہ اگر حکومت کی جانب سے سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی گئی تو فلائٹ آپریشن بحال کردیں گے۔ پالپا کے صدر عامر ہاشمی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پالپا نے جب کبھی بھی ہڑتال کی تو قوائد و ضوابط کو مد نظر رکھا، جس روز پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن بند ہوا اس روز بھی دوپہر 2 بجے تک تمام فلائٹس معمول کے مطابق اڑائی گئیں۔

(جاری ہے)

عامر ہاشمی نے کہا کہ فلائٹ آپریشن بند کرنے کے نہ پہلے حق میں تھے اور نہ اب ہیں، ہمیں ہڑتال پر جانے کے لئے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں اور کہا گیا کہ اگر پالپا نے ہڑتال نہ کی تو پائلٹس کے ٹکڑے کر دیں گے۔دھمکی دینے والے لوگوں سے متعلق پوچھے گئے سوال پر عامر ہاشمی کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے ہڑتال کیلئے مجبور کیا انھی لوگوں نے دھمکیاں بھی دیں، میرے پاس تمام دھمکیاں ریکارڈ کی صورت میں موجود ہیں، اس حوالے سے وزیراعظم نواز شریف کو خط لکھ چکا ہوں جب کہ تمام ثبوتوں کے ساتھ جلد مقدمہ بھی درج کراں گا۔