حیدر آباد،شادی کی تقریب میں اندھا دھند فائرنگ، پولیس نے کارروائی کر کے دولہا کے والد اور بھائی گرفتار کرلیا

ہفتہ 6 فروری 2016 15:00

حیدر آباد ٹاؤن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 فروری۔2016ء) نواحی چک 83 شمالی میں شادی کی تقریب میں اندھا دھند فائرنگ اور آتشبازی پر تھانہ جھال چکیاں پولیس کا چھاپہ، باراتیوں اور دولہا کے رشتہ داروں نے پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے حملہ کر کے پتھراؤ شروع کر دیا، پولیس وین کے شیشے ٹوٹ گئے، دولہا کے والد اور بھائی سمیت حراست میں لے کر حوالات بند کر دیا گیا، بتایا گیا ہے کہ 83 شمالی میں نثار نامی نوجوان کی شادی کی تقریبات شروع تھیں، جس میں شریک افراد نے اندھا دھند ہوائی فائرنگ، آتشبازی اور ناچ گانا شروع کر رکھا تھا جس کی اطلاع ملنے پر تھانہ جھال چکیاں پولیس کے ایس ایچ او ملک فاروق حسنا ت نے پولیس کی نفری کے ہمراہ چھاپہ مارا تو شادی کی تقریب (رسم مہندی) کے شرکاء نے پولیس کو دیکھ کر حملہ کر دیا، پولیس کے مطابق ملزمان نے پولیس کی نفری پر سیدھی فائرنگ کرتے ہوئے زبردست پتھراؤ کیا جس سے پولیس کی سرکاری گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے، اور باڈی کو نقصان ہوا۔

(جاری ہے)

جس پر پولیس کی مزید نفری طلب کر لی گئی تا ہم پولیس نے دولہا اور اس کے والد کے علاوہ اس کے بھائی کو موقع سے پکڑ کر حوالات میں بند کر دیا تا ہم حراست میں لیے گئے دولہا سمیت تقریباً 70 افرااد کے خلاف پولیس سے مزاحمت، ہوائی فائرنگ اور آتشبازی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ دریں اثناء آخری اطلاعات کے مطابق مقامی ارکان اسمبلی اور سیاسی مداخلت پر حراست میں لیے گئے دولہا، اسکے والد اور بھائی کو پولیس نے بارات کی روانگی کے پیش نظر شخصی ضمانت پر چھوڑ دیا۔ پولیس کے مطابق ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، جس میں ملزمان کو گرفتار کر کے شامل تفتیش کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :