پی آئی اے فلائٹ آپریشن 5ویں روز بھی بند‘درجنوں پروازیں منسوخ

پائلٹ ڈیوٹی پر آنے کو تیار ہیں اگر50 فیصد ملازمین بھی ساتھ دیں تو پروازیں بحال ہوسکتی ہیں:صدرپالیا عامرہاشمی سعودی عرب میں پھنسے 900 عمرہ زائرین کو پاکستان بھیج دیا گیا ہے مزید مسافر وں کی روانگی کے لیے انتظامات کیئے جارہے ہیں۔پاکستانی قونصل جنرل جدہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 6 فروری 2016 14:32

پی آئی اے فلائٹ آپریشن 5ویں روز بھی بند‘درجنوں پروازیں منسوخ

کراچی+جدہ+لاہور(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔06فروری۔2016ء) پی آئی اے فلائٹ آپریشن 5ویں روز بھی بند ہیں جبکہ پالپا کے صدر عامر ہاشمی نے ہے کہ پائلٹ ڈیوٹی پر آنے کو تیار ہیں اگر50 فیصد ملازمین بھی ساتھ دیں تو پروازیں بحال ہوسکتی ہیں ادھر سعودی عرب میں پھنسے پی آئی اے کے مسافروں کی تعداد4 ہزار سے تجاوزکرگئی ہے۔جدہ میں پاکستانی قونصل جنرل نے کہا ہے کہ900 افراد کو پاکستان بھیج دیا گیا ہے مزید مسافر وں کی روانگی کے لیے انتظامات کیئے جارہے ہیں۔

پی آئی اے کی مجوزہ نجکاری کے خلاف ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے قومی ایئرلائن نے اندرون اور بیرون ملک آنے اور جانیوالی تمام پروازیں ہفتہ کے روز منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے ، مسلسل ہڑتال کے باعث پروازوں کی منسوخی سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے پی آئی اے مسافروں کی سہولت کے لیے نجی ایئرلائن سے اندرون ملک اور بیرون ممالک پروازوں کا معاہدہ کیا ہے تاہم ابھی تک نجی ایئر لائن کی جانب سے پی آئی اے کے مسافروں کے لئے آپریشنزشروع نہیں کئے جاسکے۔

(جاری ہے)

سیالکوٹ میں ہفتہ کے روز کویت سے آنے والی اور کراچی جانے والی پروازجبکہ سعودی عرب سے آنے والی اور اسلام آباد جانے والی پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں۔فیصل آباد میں بھی جدہ سے آنے والی اور کراچی جانے والی دو فلائٹ منسوخ ہوئی ہیں۔سکھرمیں دو پروازیں منسوخ کی گئی ہیں‘گلگت کی بھی ایک پرواز معطل ہے اور سکردو میں پانچ روز میں پانچ پروازیں منسوخ ہوئی ہیں۔

دوسری جانب حکومت اور پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی ملاقات بے سود رہی ہے۔ چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر کہتے ہیں مذاکرات پروازیں بحال ہونے کے بعد شروع ہوں گے جبکہ چیئرمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کہناہے کہ حکومت کی بات سن لی اس پر مشاورت کے بعد آج دوبارہ ملاقات کریں گے مگرحتمی نتیجے پرپہنچنے تک فلائٹ آپریشن معطل رہے گا جبکہ پالپا کے صدر عامر ہاشمی کا کہنا ہے کہ پائلٹ ڈیوٹی پر آنے کو تیار ہیں اگر 50 فیصد پی آئی اے ملازمین بھی ساتھ دیں تو پروازیں بحال ہوسکتی ہیں انہوں نے کہا کہ کراچی میں مظاہرے میں ہلاکتوں کے بعد آپریشن بند کرنے کے سوا کوئی آپشن نہیں تھا،ہم چاہتے ہیں کہ فلائٹس آپریشن دوبارہ بحال ہو، مکمل آپریشن بند کرنا مناسب نہیں ہے، ہمیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

صدر پالپا نے کہا کہ نجکاری کے معاملے کو بات چیت سے حل کرنے کے حق میں ہیں ہم چاہتے ہیں کہ نجکاری پر احتجاج کے بجائے فلائٹ آپریشن جاری رہے۔عامر ہاشمی نے مزید کہا کہ فلائٹ آپریشن بند کرنے کے پہلے حق میں تھے نہ اب ہیں ،احتجاج کے دوران ساتھیوں کی ہلاکت پر فلائٹ آپریشن بند کرنے کے سوا چارہ نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

دھمکیوں کی ریکارڈ شدہ گفتگو ہے وڈیو بھی موجود ہے ،وزیراعظم کو اس بارے میں خط لکھ کر آگاہ کیا ہے ہماراکسی سیاسی پارٹی سے تعلق نہیں ہے ہم پروفیشنل لوگ ہیں۔ادھرسعودی عرب میں پھنسے پی آئی اے کے مسافروں کی تعداد4 ہزار سے تجاوزکرگئی ہے۔جدہ میں پاکستانی قونصل جنرل شہریار اکبر خان کے مطابق900 افراد کو پاکستان بھیج دیا گیادیگرمسافروں کو وطن روانہ کرنے کے لیے انتظامات کیئے جارہے ہیں پاکستانی قونصل جنرل نے بتایا کہ جن زائرین کے عمرہ ویزے کی معیاد ختم ہوجائے ،سعودی حکام نے انہیں بھی پاکستان روانگی میں سہولیت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

کراچی میں پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے ایک ہوٹل میں ٹھہرے کیبن کریو ممبران کو ہوٹل چھوڑنے کے احکامات جاری کردیئے۔ پی آئی اے کے جی ایم فلائٹ منیجر کی جانب سے جاری کردہ احکامات میں کہا گیا ہے کہ کیبن کریو کے ارکان جو فائیو سٹار ہوٹل میں مقیم ہیں انہیں فی الفور کمرہ چھوڑنا ہوگا اور پی آئی اے 5فروری کے بعد ہوٹل میں ٹھہرے کسی بھی کیبن کریو ممبر کے روم کا کرایہ نہیں دے گا اور تمام کیبن کرو ممبر جو روم میں ٹھہرنا چاہیں گے انہیں روم کا کرایہ خود ادا کرنا ہوگاتاہم احکامات یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ ان احکامات کا اطلاق اندرون ملک اور بیرون ممالک پھنسے کریوممبران پر بھی ہوگا یا نہیں اطلاعات کے مطابق پی آئی اے آپریشن معطل ہونے سے پی آئی اے کے درجنوں کریوممبران اندرون ملک اور بیرون ممالک ہوٹلوں میں آپریشنزکی بحالی کا انتظار کررہے ہیں -پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی پی آئی اے ملازمین کا احتجاج جاری ہے ہفتہ کے روز بھی قومی ایئرلائن کے ملازمین نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور پی آئی اے کے مرکزی دفترایجرٹن روڈ پر احتجاج کیا علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے بیرون ملک سے آنیوالی5 پروازیں منسوخ کی گئیں جن میں ابوظہبی،مسقط،دمام،دبئی اور مانچسٹر سے آنیوالی پروازیں شامل ہیں جبکہ لاہور سے اندرون ملک آنے اور جانیوالی 17 پروازیں بھی منسوخ کی گئیں،پروازوں کی منسوخی کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ملتان میں بھی بکنگ آفس کے باہر ادارے کی مجوزہ نجکاری کیخلاف ملازمین کا احتجاج جاری ہے،ملتان ائیرپورٹ پر اندرون و بیرون ملک جانیوالی6 پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں۔فیصل آباد میں بھی پی آئی اے ملازمین کی جانب سے احتجاج جاری ہے،فیصل آباد سے کراچی اور مدینہ منورہ جانیوالی دو پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔