تائیوان میں شدید زلزلہ6افرادہلاک‘سینکڑوں زخمی‘مزیدہلاکتوں کا خدشہ ہے :مقامی ذرائع ابلاغ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 6 فروری 2016 10:33

تائیوان میں شدید زلزلہ6افرادہلاک‘سینکڑوں زخمی‘مزیدہلاکتوں کا خدشہ ..

تائی پی(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔06فروری۔2016ء)تائیوان میں شدید زلزلے سے تائینان شہر میں متعدد عمارتیں منہدم ہوگئی ہیں جبکہ امدادی عملہ ملبے تلے پھنسے افراد کو نکالنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ ابھی تک زلزلے سے6 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں ۔ہفتہ کی علی الصبح آنے والے اس زلزلے کی شدت 6.4 تھی۔

ہلاک ہونے والوں میں ایک شیرخوار بچی بھی شامل ہے جبکہ 220 سے زائد افراد کو ملبے سے نکال لیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق زلزلے سے متعدد عمارتیں منہدم ہوئی ہیں جن میں ایک کثیر المنزلہ رہائشی عمارت بھی شامل ہے۔تقریباً 20 لاکھ کی آبادی والے شہر تائینان سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق شہر کی انتظامیہ نے ہنگامی ٹیم قائم کر دی ہے۔

(جاری ہے)

امریکی ارضیارتی مرکز کا کہنا ہے زلزلے کا مرکز زیادہ گہرائی میں نہیں تھا جس کے باعث اس کے اثرات زیادہ ہوسکتے ہیں۔

تائیوان کے مقامی میڈیا کے مطابق منہدم ہونے والی ایک عمارت رہائشی کمپلیکس تھی اور اس میں لوگ سو رہے تھے۔تائیوان کے صدر ما ینگ جیﺅ زلزلے سے متاثرہ تائنان روانہ ہوگئے ہیں بتایا گیا ہے کہ اب تک 6ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے اور مزیدہلاکتوں کا خدشہ ہے۔تائیوان کے سرکاری ترجمان ادارے کا کہنا ہے کہ ایک رہائشی عمارت میں کم از کم 23 افراد زخمی ہوئے ہیں جہاں قیاس ہے کہ 200 کے قریب افراد قیام پذیر تھے۔

ٹی وی پر دکھائی جانے والی تائنان کی تصاویر میں امدادی کارکنوں کو منہدم ہونے والی عمارتوں میں پھنسے ہوئے افراد کو نکالتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔تانیان کی ایک رہائشی ایما نے صحافیوں کو بتایا کہ لوگوں کو مزید جھٹکوں کا خوف ہے۔زلزے کے باعث کئی علاقوں میں بجلی منقطع ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔زلزلے کے جھٹکے 300 کلومیٹر فاصلے پر واقع دارالحکومت تائی پی میں بھی محسوس کیے گئے اور اس وقت سے اب تک کئی آفٹرشاکس بھی آچکے ہیں۔خیال رہے کہ تائیوان ایسے خطے میں واقع ہے جہاں دو ٹیکٹونک پلیٹیں آپس میں ٹکراتی ہیں اور وہاں اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں۔تائیوان میں 1999 میں7.6 کی شدت کے زلزلے سے 2300 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

تائیوان میں شدید زلزلہ6افرادہلاک‘سینکڑوں زخمی‘مزیدہلاکتوں کا خدشہ ..