وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری کی کوئٹہ گلیڈیئیٹرز کی ٹیم کو اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف کامیابی پر دلی مبارکباد

جمعہ 5 فروری 2016 21:51

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 فروری۔2016ء ) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری نے کوئٹہ گلیڈیئیٹرز کی ٹیم کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کے کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح حاصل کی اور شائقین کرکٹ کے دل جیت لئے انہوں نے توقع ظاہر کی کہ کوئٹہ کی ٹیم آئندہ میچوں میں بھی اپنی کارکردگی برقرار رکھے گی۔

وزیراعلیٰ کا میچ سے قبل دونوں ٹیموں سے تعارف کرایا گیا۔ آئی سی سی کے صدر ظہرعباس، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان اور چیف ایگزیکٹیو پی سی بی نجم سیٹھی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے پی سی ایل کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اس حوالے سے کرکٹ بورڈ کے حکام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر ان کی کاوشوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر کھیلوں اور دیگر مثبت سرگرمیوں کے انعقاد سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن اور سبز ہلالی پرچم سربلند ہوتا ہے جبکہ پی سی ایل کا انعقاد نوجوانوں اور کھلاڑیوں میں جوش وجذبہ پیدا کرنے کا موجب بنے گا اور انہیں مقابلوں میں شریک بین الاقوامی سینئر کھلاڑیوں سے سیکھنے کا موقع بھی ملے گا۔ پی سی بی حکام کی جانب سے کرکٹ میں وزیراعلیٰ بلوچستان کی دلچسپی کو سراہا گیا۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے کوئٹہ گلیڈیئیٹرز کے کھلاڑی محمد نواز کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا اس موقع پر کھلاڑیوں نے وزیراعلیٰ کے ہمراہ خصوصی تصاویر بنوائیں۔