پاکستان مسلم لیگ نواز کی تمام پالیسیاں عوامی مفادات سے متصادم ہیں ،پی پی پی

اب نواز لیگ نے صدیوں پرانا قومی ورثہ یعنی قدیم لاہور کی جڑوں میں تیزاب پاشی شروع کردی ہے

جمعہ 5 فروری 2016 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 فروری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ نواز کی تمام پالیسیاں عوامی مفادات سے متصادم ہیں اور نواز لیگ کی وفاقی حکومت نے تین سال پورے ہونے پر تاحال قوم کو کوئی خوشخبری نہیں دی۔ پیٹرول، مٹی کے تیل کی قیمتوں کا مسئلہ ہو یا قومی اداروں کی اونے پونے داموں نجکاری کا عالمی ایجنڈا، نواز لیگ ان تمام سیکٹرز میں تباہی و بربادی کا پیغام ثابت ہوئی ہے۔

ان تمام عوام دشمن اقدامات کے بعد اب نواز لیگ نے صدیوں پرانا قومی ورثہ یعنی قدیم لاہور کی جڑوں میں تیزاب پاشی شروع کردی ہے اور اگر اسے نہ روکا گیا تو عوام اپنی ملازمتوں، کاروبار، گھروں اور دکانوں اور تاریخی ورثے سے جلد ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔ پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری ایک بیان میں پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سہراب خان سرکی‘ سردار مقیم خان کھوسو اور ڈاکٹر ستار راجپرنے کہا ہے کہ صرف پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین، شریک چیئرمین ، پارلیمنٹرین اور رہنما مسلسل قومی مفادات کو نقصان پہنچانے والی نواز لیگ کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کررہے ہیں جبکہ دوسری جماعتیں صرف اپنے اپنے مفادات کا تحفظ کرنے میں مگن ہیں اور اسی وجہ سے نواز لیگ ملک کو تباہی کے دہانے پر لیجانے میں کامیاب ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ لاہور کے متنازعہ اورنج لائن منصوبے پر اقوام متحدہ نے بھی سرخ لکیر لگادی ہے لیکن ایسی کیا وجہ ہے کہ ملک میں اس حوالے سے نواز لیگ کو کھلی چھوٹ ہے کہ وہ جس طرح چاہے ملک و قوم کی غیرت کا سودا آئی ایم ایف سے کرے۔ انھوں نے کہا کہ لاہور کے متنازعہ اورنج لائن منصوبے کی آڑ میں قدیم لاہور کے تاریخی حسن کو مسماربلکہ سنگسار کیا جارہا ہے جو قوم کی اجتماعی بے عزتی ہے۔ آخر قومی غیرت و حمیت بھی کوئی شے ہوتی ہے اور قومی ورثہ ہی قوموں کے شاندار ماضی کا آئینہ ہوتا ہے جسے نواز لیگ تار تار کررہی ہے۔