امریکی قونصل جنرل نے کراچی ادبی میلے کا افتتاح کردیا

جمعہ 5 فروری 2016 21:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 فروری۔2016ء) امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ نے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (USAID)اور امریکی قونصل خانے کے تعاون سے منعقد ہونے والے کراچی ادبی میلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر میلے کے بانیان امینہ سید اور آصف فرخی بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل برائن ہیتھ نے کہا کہ کراچی ادبی میلہ شہر کی اہم ترین ثقافتی تقریب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ میلہ پاکستانی اور غیرملکی ادیبوں، شاعروں اور فنکاروں کو ایک جگہ جمع کر کے انھیں اپنے خیالات ایک دوسریتک پہنچانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔برائن ہیتھ کا کہنا تھا کہ کراچی ادبی میلہ پاکستان کے شاندار ادبی ورثے کی نمائندگی کرتا ہے۔قونصل جنرل برائن ہیتھ نے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی(USAID)کے165ملین ڈالر کی لاگت سے جاری پاکستان ریڈنگ پراجیکٹ کا بھی ذکر کیا جس کے تحت 10لاکھ طلبا میں مطالعے کو فروغ دینے کیلیے صوبائی اور مقامی محکموں کو معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے بتایا کہ155ملین ڈالر کی لاگت سے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام (SBEP)کے تحت سندھ کے 50ہزار بچوں کو 106نئے تعمیر ہونے والے اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔پاکستان میں جاری امریکی تعلیمی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے برائن ہیتھ نے کہا کہ امریکی حکومت کی معاونت سے 10ہزار طلبا پاکستانی جامعات میں تعلیم حاصل کر چکے ہیں جبکہ ہر سال ایک ہزار پاکستانی طلبا مختلف تبادلہ پروگراموں کے ذریعے امریکا کا دورہ کرتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ان منصوبوں کے ذریعے پاکستان اور امریکا کے عوام کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملتی ہے۔

متعلقہ عنوان :