ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی جمعہ کو یوم یکجہتی کشمیر جوش و خروش سے منایا گیا

جمعہ 5 فروری 2016 21:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 فروری۔2016ء) ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی جمعہ کو یوم یکجہتی کشمیر جوش و خروش سے منایا گیا ۔ اس حوالے سے کراچی بھر میں مختلف سیاسی و مذہبی تنظیموں ، سماجی اداروں اور دیگر کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں اور مختلف پروگرامز منعقد کیے گئے ۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ۔

بھارت مقبوضہ کشمیر پر اپنی جارحیت اور ظلم و بربریت ختم کرے اور کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کیا جائے ۔ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) ، آزاد جمو وکشمیر ، پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کراچی ڈویژن ، پیپلز پارٹی سندھ زون ، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن ، پاکستان عوامی تحریک ، مسلم اسٹوڈنٹ آگنائزیشن ، تحریک جوانان پاکستان اور آزاد کشمیر ، پاکستان منارٹی فرنٹ ، آل پاکستان مسلم لیگ ، خاکسار تحریک ، ہیومن رائٹس نیٹ ورک اور دیگر سیاسی اور مذہبی تنظیموں کے تحت شہر کے مختلف علاقوں سے ریلیاں نکالی گئیں ، جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی کراچی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئیں ۔

(جاری ہے)

کراچی پریس کلب کے باہر مقبوضہ کشمیر پر بھارتی تسلط کے خلاف مختلف تنظیموں کی جانب سے مظاہرے بھی کیے گئے ,مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے ، جن پر کشمیر کی آزادی اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے نعرے درج تھے ۔ ریلیوں اور مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں چوہدری میر حیدر ، سردار نزاکت حسین ، سردار ظفر حیات ، راجہ قیصر وحید ، سید الطاف شاہ کاظمی ، نذیر حسین ثاقب ، مسلم لیگ اسٹوڈنٹ آگنائزیشن کے طارق معاویہ ، سبطین ظفر ، آل پاکستان مسلم لیگ رہنماؤں شمیم مہناز ، احمد حسین ، مصطفیٰ مرزا ، پاکستان مسلم لیگ نواز گروپ کے وقاص نسیم ، پاکستان عوامی تحریک کے ڈاکٹر ایس ایم ضمیر ، علی اوسط زیدی ، خاکسار تحریک کے پروفیسر حکیم عسکری ، پاکستان منارٹی فرنٹ کے مائیکل جاوید ، پاکستان مسیح عوامی پارٹی کے سلامت کھوکھر ، پادری رفاقت صادق ، پادری جیمز ، پنڈت وجے کمار اور دیگر نے کہا کہ بھارت کی 7 لاکھ سے زائد فوج 68 سالوں سے مقبوضہ کشمیر کے عوام پر مظالم ڈھا رہی ہے ، جس کی ایک لمبی تاریخ رقم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن منانے کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے ۔ پاکستان اور کشمیر کے عوام کے رشتے گہرے اور مضبوط ہیں ۔ پاکستانی عوام کشمیری عوام کے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کشمیری عوام پر انسانیت سوز مظالم کر رہا ہے ۔ لیکن برادری نے پراسرار خاموشی اختیار کی ہوئی ہے ، جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک عالمی مسئلہ ہے ۔

کشمیر کا مسئلہ وہاں کے عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہئے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ اپنی قرار داد کی روشنی میں مسئلہ کشمیر حل کرائے اور اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ۔ مقررین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ کشمیر ایشو کو شامل کیے بغیر بھارت سے مذاکرات نہ کیے جائیں ۔ عالمی سطح پر کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کرنے کے لیے حکومت سفارتی کوششوں کو تیز کرے۔

متعلقہ عنوان :