مزدروں کے حقوق کا دعویدار محنت کش کے خون پسینے کی کمائی پر ’ڈکار ‘ گیا

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعہ 5 فروری 2016 20:28

سمبڑیال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔05 فروری۔2016ء) مزدور یونین کے صدر نے مبینہ طور پر محنت کش کے پانچ لاکھ روپے’ ڈکار ‘لئے جبکہ پولیس نے اس رقم کی ادائیگی ے لئے تعاون نہیں کیا جس پر محنت کش کے باپ نے وزیراعلیٰ سے مدد کی اپیل کردی ہے ۔ساہووالہ کی نجی فیکٹری فارورڈ گیئر میں سابق ملازم مرتضیٰ علی کے محنت کش بوڑھے باپ نصیر احمد نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ تقریباً5سال قبل ساہووالہ فارورڈ گیئر فیکٹری میں میرے بیٹے علی مرتضیٰ جو کہ فیکٹری ملازمت چھوڑجانے کے بعد بسلسلہ روزگار بیرون ملک چلاگیا جبکہ اس کی عدم موجود گی میں فیکٹر ی کے ریکوری واجبات کی صورت میں 5 لاکھ 40 ہزار روپے میرے بیٹے علی مرتضیٰ کے حق میں جاری کئے گئے ، یونین صدر محمد علی بٹ نے رقم بطور امانت وصول کرکے ہمیں دینے کا وعدہ کیا اوربعدازاں رقم کی ادائیگی کے حوالے سے مقررہ تاریخ پر میرے بیٹے علی مرتضیٰ کے کہنے پر صدر ورکر یونین محمد علی بٹ سے رقم کی وصولی کاتقاضا کرنے پر اپنے پاس میرے بیٹے کی امانتاً رکھی گئی رقم واپسی کرنے سے لیت لعل سے کام لیتے ہوئے صاف انکاری ہوگیا اورمجھے قتل وسنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔

(جاری ہے)

نصیر احمد نے مزید کہا کہ میری 5 جوان بیٹیاں ہیں جن میں سے 1بیوہ بیٹی اپنے 5یتیم بچوں کے ساتھ میرے پاس ہی مقیم ہے جن کی کفالت میرا بیٹا علی مرتضیٰ اور میں بوڑھا آدمی محنت مزدوری کر کے بمشکل کررہا ہوں میری وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ،آئی جی پنجاب پولیس ، ڈی پی او سیالکوٹ رائے اعجاز احمد ودیگر ارباب اختیار سے پرزوراپیل کی ہے کہ صورت حال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے میری دادرسی کے لیے احکامات جاری کریں ۔ نصیر احمد کا مزید کہنا تھا کہ میں نے اس حوالے سے ڈی پی اوسیالکوٹ کو بھی درخواست گزار رکھی ہے لیکن تاحال مقدمہ درج نہیں ہوا۔