’’جائیدادوں کا بہترین معاوضہ مل رہا ہے، شکریہ شہبازشریف‘‘

اراضی مالکان کا وزیراعلیٰ اور ادائیگی کے تیز رفتار نظام پر مکمل اعتماد کا اظہار

جمعہ 5 فروری 2016 19:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 فروری۔2016ء) لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کے اراضی مالکان نے اپنی جائیدادوں کیلئے بہترین اور مارکیٹ ریٹ سے زیادہ معاوضہ ملنے پر وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کی قیادت میں ہمیں اپنی اراضی کے عوض بہت اچھا معاوضہ دیا جا رہا ہے اور ادائیگی مراکز میں آپ کی سیاسی و انتظامی ٹیم ہرممکن تعاون کر رہی ہے جس پر ہم آپ کے دلی شکرگزار ہیں۔

اراضی مالکان نے ان خیالات کا اظہار آج اس وقت کیا جب وزیراعلیٰ نے انجینئرنگ یونیورسٹی، ٹھوکر نیاز بیگ اور گورنمنٹ کالج گراؤنڈ، جین مندر کے ادائیگی مراکز سے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بیک وقت براہ راست رابطہ کرکے ادائیگی کے عمل کا جائزہ لیا اور اراضی مالکان سے براہ راست گفتگو کی۔

(جاری ہے)

ادائیگی مراکز میں موجود اراضی مالکان احمد حسن، نعیم احمد اور دیگر نے وزیراعلیٰ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یقین نہیں آ رہا کہ اتنی شفافیت اور برق رفتاری سے معاوضے کی ادائیگی کی جا رہی ہے۔

بلاشبہ آپ نے ہمارے دل جیت لئے ہیں۔ بہترین کام ہو رہا ہے اور ہم اچھا معاوضہ ملنے پر بہت خوش ہیں۔ جس پر وزیراعلیٰ نے اراضی مالکان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ مفاد عامہ کے اس منصوبے کیلئے سب مل کر کام کر رہے ہیں اور اراضی مالکان کو ان کی پائی پائی ادا کریں گے۔