پنجاب سیف سٹیز پراجیکٹ امن عامہ کی بہتری اور جرائم پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کرے گا‘ جرائم پر قابو کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ وقت کی ضرورت ہے، امن عامہ کیلئے وسائل کی کوئی کمی نہیں

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کااجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب

جمعہ 5 فروری 2016 19:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب سیف سٹیز پراجیکٹ امن عامہ میں مزید بہتری اور جرائم پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کرے گا لہٰذا اس منصوبے کو انتہائی پیشہ ورانہ انداز سے آگے بڑھایا جائے۔ امن و امان کی بہتری اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے وسائل کی کوئی کمی نہیں ۔

جرائم میں کمی کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ وقت کی ضرورت ہے اور سیف سٹیز پراجیکٹ کے تحت جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر کے شہروں کو محفوظ بنایا جائے گااوریہ اہم منصوبہ مکمل ہونے سے نہ صرف جرائم کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی بلکہ شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جاسکے گی-وہ آج ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں پنجاب سیف سٹیز کے منصوبے کے مختلف امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے منصوبے کے امور پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم منصوبے کے مختلف امور کو جس طرح آگے بڑھایا گیا ہے اس پر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے حکام اور متعلقہ محکموں کے افسران کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی منصوبے کیلئے عملے کی بھرتی کا فوری آغاز کرے اور شفاف انداز سے بھرتی ہونے والے عملے کی پیشگی تربیت کا انتظام کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے پر دن رات کام کیا جائے اور اہداف کا حصول مقرر کردہ مدت میں یقینی بنایا جائے اور فیصلوں پر تیزی سے عملدرآمد کیا جائے کیونکہ موجودہ حالات کے تناظر میں سیف سٹیز پراجیکٹ کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اکبر ناصر نے منصوبے کے مختلف امور پر پیش رفت کے حوالے سے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، صوبائی سیکرٹری داخلہ، پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ایم ڈی، اعلیٰ حکام اور متعلقہ افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس میں شرکت کی۔