کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل نہ ہونا دنیا کیلئے تشویشناک ہے‘مسئلہ کشمیر کیلئے 151 نشستیں ہونے کے باوجود بھارت کی ہٹ دھرمی دنیا کیلئے چیلنج ہے‘ عالمی برادری مظلوم کشمیری عوام کو ان کا حق دینے کیلئے بھارت پر اقتصادی پابندیاں عائد کرے‘پاک بھارت جنگ سے کروڑوں عوام کی نعشوں کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا‘شہید بھٹو کے ویژن کے مطابق اسلامی دنیا کو متحد کرنا اور کشمیر کا مسئلہ حل کرنا پیپلزپارٹی کے منشور کا حصہ ہے

وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالمجید کاپیپلزپارٹی آزاد جموں وکشمیر فیصل آباد کی یکجہتی کشمیر ریلی سے مظفرآباد سے ٹیلیفونک خطاب

جمعہ 5 فروری 2016 19:47

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 فروری۔2016ء) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل نہ ہونا دنیا کیلئے تشویشناک ہے۔مسئلہ کشمیر کیلئے 151نشستیں ہونے کے باوجود بھارت کی ہٹ دھرمی دنیا کیلئے چیلنج ہے۔ عالمی برادری مظلوم کشمیری عوام کو ان کا حق دینے کیلئے بھارت پر اقتصادی پابندیاں عائد کرے۔

پاک بھارت جنگ سے کروڑوں عوام کی نعشوں کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ویژن کے مطابق اسلامی دنیا کو متحد کرنا اور کشمیر کا مسئلہ حل کرنا پیپلزپارٹی کے منشور کا حصہ ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پیپلزپارٹی آزاد جموں وکشمیر فیصل آباد کے ڈویژنل کوآرڈینیٹر چوہدری خادم حسین کی زیرقیادت ’یکجہتی کشمیر ریلی‘ سے مظفرآباد سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ریلی میں پیپلزپارٹی آزاد جموں وکشمیر کے رہنماؤں سمیت پیپلزلیبر بیورو کی ڈویژنل ، ڈسٹرکٹ اور سٹی تنظیموں کے عہدیداروکارکنان کثیر تعداد میں شریک تھے۔ جنہوں نے انگریزی واردو زبانوں میں کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئے کتبوں اور بینرز پر اپنے جذبات کا اظہار کررکھا تھا۔ چھوٹی بچیوں نے بھی اپنے کشمیری بہن بھائیوں اور خواتین سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی میں شرکت کی۔

وزیرہاؤسنگ وفزیکل پلاننگ آزاد جموں وکشمیر حکومت چوہدری پرویز اشرف نے کہا کہ بھارتی تسلط سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے قومی یکجہتی ضروری ہے جس کیلئے پیپلزپارٹی آزاد جموں وکشمیر کا تمام پارٹیوں سے رابطہ ہے۔ مسلم حکمران سفارتی ذرائع استعمال کرکے خلیجی اور عرب ریاستوں کے حقوق کی طرح مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر بھی لب کشائی کریں۔

مسلم فوجی اتحاد کا سب سے پہلے عملی مظاہرہ مقبوضہ کشمیر سے بھارتی تسلط ختم کرکے کیا جائے۔مشیر وزیراعظم اے جے کے محمد ریاض چوہدری نے کہا عالمی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیری حقوق پر کیوں خاموش ہیں؟ فرانس، امریکہ اور یورپی ممالک پر چیونٹی اور جانوروں کے مرنے پر بھی واویلہ مچانے والی تنظیمیں کشمیر میں بھارتی درندگی پر کیوں خاموشی اختیار کرلیتی ہیں؟ اس موقع پر ڈویژنل کوآرڈی نیٹر چوہدری خادم حسین نے کہا کہ کشمیری پاکستان کے اندر ہو یا دنیا کے کسی بھی ملک میں محنت مزدور ی کررہا ہو اس کا دل اپنے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کیلئے دھڑکتا ہے۔

ڈویژنل جنرل سیکرٹری پیپلزلیبر بیورو لال حسین راشد نے کہا کہ جب تک بھارتی زیرقبضہ کشمیر کو آزاد نہیں کرالیا جاتا کشمیری چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ڈویژنل سیکرٹری اطلاعات محمد طاہر شیخ نے کہا کہ جاتی عمرہ کے نااہل حکمران مودی سرکار سے اپنی رشتہ داری نبھانے کی بجائے مظلوم کشمیریوں کیلئے بھی آواز اٹھائیں۔ مودی نواز گٹھ جوڑ کشمیریوں کے زخموں پر تیزاب ہے۔

اس موقع پر رانا نصیر احمد ڈویژنل صدر پی ایل بی، رانا منظور احمد سٹی صدر پی ایل بی، سٹی جنرل سیکرٹری رفیق عمار بھٹی، ڈسٹرکٹ اینڈ سٹی عہدیداران پیپلزلیبر بیورو فیصل آباد، جنرل کونسلر عبدالستار رحمانی، غلام محمد نقشبندی، حاجی طاہر حسین چشتی، زبیر بادشاہ،جبکہ کشمیریوں حاجی غلام رسول، مولوی نور عالم، قدیر حسین، محمد جمیل، محمد طارق، خادم حسین ملانی، محمد یوسف کشمیری، شبیر حسین، محمد ارشد، محمد تنویر، مولوی سعد عالم، نصیر احمد، حسن اقبال، محمد شفیق، محمد لطیف، نورحسین بھٹو کشمیری سمیت بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔قبل ازیں ضلع کونسل چوک میں مقبوضہ کشمیر کے لاکھوں شہداء اور پی آئی اے کے شہید ملازمین کیلئے غائبانہ نماز جنازہ کے بعد دعائے مغفرت کی گئی۔