پی آئی اے ملازمین پر تشدد افسوسناک ،جمہوری حکمرانوں کو آمرانہ طرز عمل ناقابل برداشت ہے، قاری محمد عثمان

جمعہ 5 فروری 2016 18:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔05 فروری۔2016ء ) جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہا کہ پی آئی اے ملازمین پر تشدد افسوسناک ہے۔ جمہوری حکمرانوں کو آمرانہ طرز عمل ناقابل برداشت ہے۔ لوگوں کو روزگار فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے نہ کہ بیروزگار کرنا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی اے ملازمین کی جانب سے نجکاری کے خلاف احتجاج کے موقع پر تشد د سے ملازمین کی ہلاکت اور زخمی ہونے پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔

قاری محمد عثمان نے پی آئی اے ملازمین پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پی آئی اے ملازمین کے معاشی قتل کے ساتھ ان کی احتجاجی تحریک کو تشدد اور ظلم کے ذریعے کچلنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔جو کہ جمہوری نہیں آمرانہ طرز عمل ہے۔

(جاری ہے)

اس قسم کا عمل کسی بھی جمہوری حکومت کو زیب نہیں دیتا ۔ انہوں نے کہا کہ اہل اقتدار کی طرف سے ملازمین کے خلاف جارحانہ کاروائی اور انداز ملازمین کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی جمہوری معاشرے میں اختلاف رائے کا رکھنا اور احتجاج جمہوری نظام کا حسن ہوتا ہے۔ ان حالات میں حکومت کو احتجاج سے جمہوری انداز سے نمٹنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو روزگار فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن افسوس ہماری حکومت روزگاردینے کے بجائے چھین رہی ہے۔ جوکہ افسوس ناک ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کی غیرجانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کراکر ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اس اہم اور نازک مسئلہ کو اپنی انا کا مسئلہ بنانے کے بجائے اس کا قابل عمل اور پرامن حل تلاش کرے۔اس موقع پر انہوں نے پی آئی اے کے ملازمین کے ساتھ اپنی دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی اور ہلاک ہونے والوں کے لئے دعائے مغفرت کی۔

متعلقہ عنوان :