کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آزاد جموں وکشمیر سمیت ملک بھر میں اور بیرون ملک یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا

آزاد کشمیر سمیت لاہور ، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، جہلم، اسلام آباد ، راولپنڈی، ملتان، پشاور، کوئٹہ ، کراچی ا ور حیدر آباد، ملک بھر میں کشمیرکارواں،ریلیوں، جلسوں اور کانفرنسوں کا انعقاد، مذہبی ،سیاسی و کشمیری جماعتوں کے مرکزی قائدین و مندوبین نے خطابات کئے

جمعہ 5 فروری 2016 16:18

مظفرآباد /اسلام آباد /لاہور /پشاور/کوئٹہ /کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 فروری۔2016ء ) کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آزاد جموں وکشمیر سمیت ملک بھر میں اور بیرون ملک جمعہ کو یوم یکجہتی کشمیر جوش و ولولے سے منایا گیا ، آزاد کشمیر سمیت لاہور ، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، جہلم، اسلام آباد ، راولپنڈی، ملتان، پشاور، کوئٹہ ، کراچی ا ور حیدر آبادکی طرح ملک بھر میں کشمیرکارواں،ریلیوں، جلسوں اور کانفرنسوں کا انعقادکیا گیا جن میں مذہبی ،سیاسی و کشمیری جماعتوں کے مرکزی قائدین و مندوبین نے خطابات کئے۔

کشمیر ڈے پر ملک بھر میں عام تعطیل کی گئی جب کہ پاکستانی عوام اور کشمیری آزاد کشمیر کو پاکستان سے ملانے والے تمام راستوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی اور کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔

(جاری ہے)

مظفر آباد میں کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی رنجیر بنائی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔

یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں اور تنظیموں کی طرف سے مظاہروں، ریلیوں، سیمینارز اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا گیا جب کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیوں کے بارے میں خصوصی دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں۔ بیرون ملک پاکستانی مشنز میں بھی ریلیاں، سیمینار اور تصویری نمائشوں کا اہتمام کیا گیا ۔ وزیراعظم نواز شریف نے مظفرآباد میں آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی اور کشمیر کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا۔

وزیراعظم نواز شریف نے آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے 25کروڑ روپے اور آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی عمارت کی تعمیر کیلئے نصف رقم دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد سے مری اور پھر مظفر آباد تک ریلوے لائن بچھائیں گے‘ کشمیر جنوبی ایشیاء کا حصہ ہے آزادی اس کا حق ہے‘ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرانے میں کیوں ناکام رہا‘ کچھ قراردادوں کی فوری منظوری جبکہ باقی سرد خانے میں ڈالنے پر اقوام متحدہ کو پوری دنیا کے سامنے جوابدہ ہونا چاہئے‘ ممالک میں اختلافات کوئی انہونی نہیں لیکن 6عشروں سے اختلافات حل نہ ہونا انہونی ہے‘ پاکستان اور بھارت کی آنے والی نسلیں اپنی قیادت سے پوچھتی ہیں کہ وہ امن دیں گے یا فساد‘ ۔

صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف نے کشمیر ڈے پر اپنے اپنے پیغام میں کہا کہ کہ آزادی کے حصول تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیے بغیر خطے میں امن بحال نہیں ہو سکتا، کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے جرات مندانہ جدو جہد میں ان کی بھر پور سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

صدرآزاد کشمیر سردار یعقوب نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں، یوم یکجہتی کشمیر منانے سے تحریک آزادی کشمیر میں نئی روح پھونک دی گئی ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کا فطری، ثقافتی، مذہبی اور معاشی تعلق بھارت کے مقابلے میں پاکستان سے زیادہ ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمرفاروق نے یوم یکجہتی کشمیر منانے پر پاکستان کی حکومت،عوام اور سیاسی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔