خواجہ سعد رفیق کی زیر قیادت مسلم لیگ (ن) کی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی

جمعہ 5 فروری 2016 15:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 فروری۔2016ء) وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیر قیادت پاکستان مسلم لیگ (ن)کے کارکنوں نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرنے کیلئے لاہورمیں ریلی نکالی گئی،شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں سے یکجہتی اور حق خود ارادیت کے نعرے درج تھے۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو پاکستان مسلم لیگ (ن)کے کارکنوں نے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیر قیادت کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرنے کیلئے لاہورمیں ریلی نکالی، ریلی کا آغاز الحمرا ہال سے ہوا جو پنجاب اسمبلی کے سامنے آکر اختتام پذیر ہو گئی۔

ریلی میں حکمران جماعت کے ارکان صوبائی اسمبلی، پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ریلی کے دوران شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں سے یکجہتی اور حق خود ارادیت کے نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

ریلی کے شرکاء نے کشمیریوں پر بھارتی فوج کے تشدد کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بھارتی وزیر اعظم کشمیر سے بھارتی فوج کے انخلاء اور قتل عام رکوانے کی طرف توجہ دیں تاکہ دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔

شرکاء نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ بھارت اور پاکستان کے تعلقات کی بہتری میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے جس کو حل ناگزیر بن چکا ہے،بھارت کو چاہیے کہ ٹال مٹول سے کام نہ لے اور پاکستان کے ساتھ مذاکرات کرے اور جلد از جلد اس مسئلے کو حل کرے۔