قائد اعظم کے فرمان ”کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے“ پر قائم ہیں‘ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے‘ پاکستان میں کسی کی بھی حکومت ہو وہ کشمیر ایشو کو پس پشت ڈالنا افورڈ نہیں کرسکتی‘ حق خود ارادیت ملنے تک کشمیری عوام کی سفارتی‘ سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے

صدر مملکت ممنون حسین کا آل پارٹیز حریت کانفرنس کے اعزاز میں دیئے گئے عشایئے سے خطاب

جمعہ 5 فروری 2016 15:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 فروری۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ قائد اعظم کے فرمان ”کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے“ پر قائم ہیں‘ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے‘ پاکستان میں کسی کی بھی حکومت ہو وہ کشمیر ایشو کو پس پشت ڈالنا افورڈ نہیں کرسکتی‘ حق خود ارادیت ملنے تک کشمیری عوام کی سفارتی‘ سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے‘ صدر مملکت گزشتہ روز ایوان صدر میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے دونوں دھڑوں کے اعزاز میں دیئے گئے عشایئے سے خطاب کررہے تھے۔

عشایئے میں آل پارٹیز حریت کانفرنس (میر واعظ گروپ) کے کنوینئر میر طاہر مسعود‘ گیلانی گروپ کے کنوینئر غلام محمد صفی‘ محمد فاروق رحمانی‘ محمود احمد ساغر اور فیض احمد نقشبندی نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

میر طاہر مسعود ‘ غلام محمد صفی اور فاروق رحمانی نے صدر مملکت کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی کشمیری رہنماؤں نے کہا کہ حریت کانفرنس پاک بھارت مذاکرات کی مخالف نہیں بلکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ مذاکرات کے ایجنڈے میں کشمیر سرفہرست ہونا چاہئے اور اگر بھارت کشمیر پر بات کرنے سے انکار کرے تو پھر مذاکرات لاحاصل ہونگے صدر مملکت نے کشمیری رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کشمیر کی آزادی تک کشمیری عوام کے جائز حق آزادی کی حمایت کرتا رہے گا۔

حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی سیاسی‘ سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ پاکستان میں کوئی بھی حکومت برسراقتدار ہو وہ کشمیر کاز کو پس پشت ڈالنا افورڈ نہیں کرسکتی کیونکہ پاکستانی قوم اور پاکستانی عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں عالمی حالات کے تناظر میں پاکستان اور مسلم ممالک کو درپیش چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے داعش‘ القاعدہ سمیت بعض دیگر گروپ اسلام کا حقیقی تشخص مجروح کررہے ہیں ان کے اقدامات کی وجہ سے اسلام جیسے امن پسند مذہب کو دہشت گردی کے ساتھ جوڑا جارہا ہے حالانکہ اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے اسلام کے نام پر دہشت گردی کرنے والے یہ گروپ مسلمان کہلانے کے بھی مستحق نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خطے کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکمت اور تدبر کے ساتھ اپنی منزل کے حصول کے لئے سفر اور جدوجہد جاری رکھنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور انہیں ضرور اپنا پیدائش حق خود ارادیت ملے گا۔