کراچی، جنجال گوٹھ میں پولیس مقابلہ، پانچ دن قبل دو خواتین سمیت چار افراد کے اغوا میں ملوث تین ملزمان زخمی حالت میں گرفتار

جمعہ 5 فروری 2016 15:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 فروری۔2016ء) پولیس نے کراچی کے علاقے جنجال گوٹھ میں مقابلے کے بعد پانچ دن قبل دو خواتین سمیت چار افراد کے اغوا میں ملوث تین ملزمان کوزخمی حالت میں گرفتار کر لیاہے۔پولیس ذرائع کے مطابق گلشن معمار پولیس نے جنجال گوٹھ میں مقابلے کے بعد تین اغوا کاروں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیاہے۔

(جاری ہے)

پولیس نے ملزموں کی موجودگی کی اطلاع پر علاقے کا گھیراؤ کر لیا اور پولیس کی آمد پرملزمان نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کر کے فرار ہونے کی کوشش کی۔

پولیس کی جوابی کارروائی میں تین ملزم زخمی ہو گئے جنہیں فرار کی کوشش میں گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزموں سے اسلحہ، دستی بم اور موٹرسائیکل بھی برآمدہوا ہے۔پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزموں نے پانچ روز قبل سپر ہائی وے پر ایک فارم ہاؤس سے دو خواتین سمیت چار افراد کو اغوا کیا تھا۔ ملزمان کے قبضے سے مغویوں کے موبائل فون بھی برآمد ہوئے ہیں۔ ملزم اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور بینک ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔

متعلقہ عنوان :