`کراچی ‘وفاقی محتسب عدالت میں مختلف محکموں کیخلاف درخواستوں کی سماعت،خاتون شہری کو 20یوم میں پاسپورٹ جاری کرنے کا حکم

جمعہ 5 فروری 2016 15:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 فروری۔2016ء) وفاقی محتسب ریجنل آفس کے ایڈوائزر محمد یامین نے ڈپٹی کمشنر ملیر کے کیمپ آفس واقع بالمقابل سیکورٹی پرنٹنگ پریس ملیر ہالٹ مختلف محکموں کے خلاف دی جانے والی درخواستوں کی سماعت کی اس موقع پر انہوں نے خاتون شہری سبین زہرہ کی جانب سے محکمہ پاسپورٹ ملیر آفس کے خلاف دی جانے والی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے محکمہ پاسپورٹ کے مجاز افسر محمد عمر کو حکم دیا ہے کہ وہ خاتون شہری کو 20یوم میں پاسپورٹ جاری کرے تاکہ وہ بیرون ملک سفر کرسکے۔

خاتون شہری نے عدالت کو بتایا کہ جب وہ پاسپورٹ بنوانے گئی تو اسے بتایا گیا کہ آپ کے نام پر بیرونِ ملک مقیم کسی خاتون کو پاسپورٹ جاری ہوچکا ہے جب تک وہ کینسل نہیں ہوگا آپ کو پاسپورٹ جاری نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

محتسب عدالت کے ایڈوائزر محمد یامین نے محکمہ پاسپورٹ کے مجاز افسر کو کہا کہ خاتون سبین زہرہ کے نام پر جس نے بھی قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کسی اور خاتون کو جاری کیا ہے اس میں ان کا کیا قصور ہے جس پر محکمہ پاسپورٹ کے نمائندہ افسر محمد عمر نے عدالت کو تحریری درخواست میں مذکورہ خاتون کو 20یوم میں پاسپورٹ جاری کرنے کا یقین دلایا محکمہ پاسپورٹ کے خلاف عبدالعزیز خان کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے فوری طور پر درخواست فارم جمع کرنے کا حکم دیا۔

وفاقی محتسب کے ایڈوائزر محمد یامین نے محکمہ کے الیکٹرک کے خلاف عرفان احمد خان اور محمد آصف کی زائد بلنگ سے متعلق درخواست کی بھی سماعت کی اور محکمہ کے الیکٹرک کے سینئر افسر معروف سولنگی کی مشاورت سے بجلی کے بل میں کٹوتی کرکے درخواست گذاروں کو فوری انصاف فراہم کردیا جبکہ محکمہ ریلوے کے کارکن نسیم گِل کی درخواست پر محکمہ ریلوے کے متعلقہ افسر سے سوال کیا کہ درخواست گذار کو ریلوے کا جو کواٹر الاٹ ہونا ہے اس پر جس کا قبضہ ہے وہ کب تک چھڑالیا جائے گا جس پر ریلوے کے افسر نے تحریری جواب دیا کہ غیر قانونی قبضہ جلد از جلد چھڑا کر اسے الاٹ کردیا جائے گا۔

وفاقی محتسب کی عدالت میں جب پاکستان اسٹیل کے ریٹائرد ملازم نے اپنے بقایاجات کی عدم ادائیگی کی شکایت کی تو پاکستان اسٹیل کی جانب سے افسر قانون نے مالی مشکلات سے عدالت کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ متعلقہ وزارت سے 3ارب 42کروڑ روپے اس مقصد کیلئے مانگے گئے ہیں جوں ہی حکومت کی طرف سے ادائیگی ہوگی ریٹارڈ ملازمین کو ادائیگی کردی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :