المحمدیہ سٹوڈنٹس پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں یکجہتی کشمیرکارواں اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا

بھارت اب کشمیریوں کی تحریک آزادی سے تنگ آکر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے، کشمیر میں بھی اب مسلکی اور نسلی بنیادوں پر تعصبات کو فروغ دینا چاہتے ہیں کشمیری قوم ایک عرصہ دراز سے قربانیاں پیش کر رہی ہے اب ان کے لئے آزادی کی منزل بہت قریب ہے، کشمیر پر جبری قبضہ اور وہاں کے معصوم عوام پر ظلم کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا‘محمد ارشد ، ذیشان رشید و دیگر کا خطاب

جمعرات 4 فروری 2016 20:18

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 فروری۔2016ء ) المحمدیہ سٹوڈنٹس پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں یکجہتی کشمیرکارواں اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیاجن میں سکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے ہزاروں طلباء نے شرکت کی ۔ملک بھر میں ہونے والی ریلیوں سے المحمدیہ سٹوڈنٹس کے مرکزی رہنماؤں سمیت مختلف سیاسی و سماجی رہنماؤں نے خطاب کیا۔

طلبا نے اس موقع پر ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے حوالہ سے تحریریں درج تھیں۔گوجرانوالہ میں المحمدیہ سٹوڈنٹس کے زیر اہتمام نگار پھاٹک سے شیرانوالہ باغ تک ریلی نکالی گئی جس سے المحمدیہ سٹوڈنٹس پاکستان کے مسؤل محمد راشد، المحمدیہ سٹوڈنٹس گوجرانوالہ کے مسؤل ذیشان رشید اور دیگر نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

المحمدیہ سٹوڈنٹس پاکستان کے مسؤل محمد راشد نے کہا کہ کشمیری قوم ایک عرصہ دراز سے قربانیاں پیش کر رہی ہے اور اب ان کے لئے آزادی کی منزل بہت قریب ہے۔ بھارت کے جبری قبضے سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے اس تحریک میں نوجوانوں نے بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔پاکستان کے نوجوا اور بالخصوص طلبا کو بھیء چاہئے کہ اس تحریک میں کشمیری طلبا کا ساتھ دیں اور ان سے بھرپور اظہار یکجہتی کریں۔

ریلی میں ٹیلنٹ سائنس سکول سیٹلائٹ ٹاؤن اور دیگر طلبا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔طلبا نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اتھا رکھے تھے جبکہ کچھ طلبا نے پاک فوج کی وردیاں بھی زیب تن کر رکھی تھیں۔بھارت کو اس موقع پر واضح پیغام دیا گیا کہ کشمیر پر جبری قبضہ اور وہاں کے معصوم عوام پر ظلم کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ المحمدیہ سٹوڈنٹس گوجرانوالہ کے مسؤل ذیشان رشید نے اس موقع پر کہا کہ کشمیری طلبا خود کو تنہا محسوس نہ کریں بلکہ ہم پاکستانی طلبا ان کے ساتھ ہیں اور ان کے ساتھ اس موقع پر بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

کراچی میں المحمدیہ سٹوڈنٹس کے زیر اہتمام شاہراہ قائدین سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس میں طلبا کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ریلی کی قیادت المحمدیہ سٹوڈنٹس کراچی کے مسؤل محمد صفی اﷲ نے کی اورا ن کے ہمراہ المحمدیہ سٹوڈنٹس کراچی کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ المحمدیہ سٹوڈنٹس کراچی کے مسؤل محمد صفی اﷲ نے ریلی کے طلبا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اب کشمیریوں کی تحریک آزادی سے تنگ آکر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے۔

وہ کشمیر میں بھی اب مسلکی اور نسلی بنیادوں پر تعصبات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔لیکن بھارت آگاہ رہے کہ کشمیری عوام اور بالخصوص طلبا ان ہتھکنڈوں کا شکار نہیں ہوں گے بلکہ وہ تحریک آزادی کو جاری رکھیں گے اور بھارت کے جبری قبضہ سے چھٹکارہ حاصل کر کے دم لیں گے۔محمد صفی اﷲ کے علاوہ ریلی سے المحمدیہ سٹوڈنٹس کراچی کے دیگر ذمہ داران نے بھی خطاب کیا جن میں حمزہ شاھد ،مزمل اقبال اور دیگر شامل ہیں۔

فیصل آباد میں المحمدیہ سٹوڈنٹس کے زیر اہتمام مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ہلال احمر چوک سے گھنٹہ گھر چوک تک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ریلی کی قیادت المحمدیہ روضہ سوسائٹی پاکستان کے مسؤل جنید الرحمن نے کی۔ ان کے ہمراہ المحمدیہ سٹوڈنٹس فیصل آباد کے مسؤل وقار عظیم اور المحمدیہ روضہ سوسائٹی کے مرکزی رہنما محمد عرفان بھی تھے۔

ریلی میں اسلامک ماڈل ھائی سکول،المدثر انگلش سکول،المیزان پبلک سکول ،ٹائمز اسلامک سکول اور زرعی یونیورسٹی کے طلبا نے شرکت کی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے المحمدیہ روضہ سوسائٹی پاکستان کے مسؤل جنید الرحمن نے کہا کہ کشمیریوں سے ہمارا صرف علاقائی رشتہ نہیں ہے بلکہ ان کے ساتھ ہمارا لا الہ الا اﷲ کی بنیاد پر رشتہ ہے اور یہ ایسا رشتہ ہے کہ جسے کبھی ختم نہیں کیا جاسکتا۔

ریلی سے المحمدیہ سٹوڈنٹس فیصل آباد کے مسؤل وقار عظیم اور المحمدیہ روضہ سوسائٹی کے رہنما محمد عرفان نے بھی خطاب کیا۔ملتان میں المحمدیہ سٹوڈنٹس اور المحمدیہ روضہ سوسائٹی کے زیراہتمام سکولوں کے طلباء نے مظلوم کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئے پل موج دریا سے چوک نواں شہر تک پیدل واک کی۔ریلی میں سکولوں کے ننھے طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ریلی کی قیادت المحمدیہ سٹوڈنٹس پاکستان کے مرکزی رہنمامحمداسامہ امین نے کی جبکہ اس موقع پر المحمدیہ سٹوڈنٹس ملتان کے ضلعی مسؤل عبدالرحمن ،المحمدیہ روضہ سوسائٹی کے مسؤل عبدالحمید بھی موجود تھے۔اسلام آباد میں مرکز آئی ایٹ میں المحمدیہ سٹوڈنٹس کے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر پروگرام کا انعقا کیا گیا۔اس پروگرام سے المحمدیہ سٹوڈنٹس پروفیشنل ادارہ جات کے مسؤل عثمان افتخار اور المحمدیہ سٹوڈنٹس اسلام آباد کے مسؤل محمد حسن نے خطاب کیا۔

عثما ن افتخار کا کہناتھا کہ بھارت جبر کے ذریعے کشمیریوں پر اپنا قبضہ قائم نہیں رکھ سکتا ۔ کشمیری نوجوان طلبا کی تحریک میں شمولیت بھارت سرکار کے لئے ایک واضح پیغام ہے۔تاریخ اس بات کی شاھد ہے کہ نوجوان طلبا جب کسی تحریک کا حصہ بنتے ہیں تو وہ تحریک ضرور انجام کو پہنچتی ہے۔سو بھارت اب اپنے انجام کی فکر کرے اور کشمیریوں پر ظلم و ستم کرنا بند کر دے۔اس کے علاوہ گجرات، سرگودھا، قصور، سیالکوٹ، بہاولنگر، بہاولپور، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں بھی المحمدیہ سٹوڈنٹس پاکستان کے زیر اہتمام ریلیوں اور پروگرامات کا انعقاد کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :