پی آئی اے پوری دنیا میں پاکستان کی سفیر ہے، سینٹر سراج الحق

حکومت نے احتجاجی مظاہرین پر گولیاں چلاکر فاشزم کیا ارتکاب کیا، پی آئی اے ملازمین کے احتجاجی دھرنے میں خطاب

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعرات 4 فروری 2016 20:15

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 04 فروری۔2015ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی آئی اے پوری دنیا میں پاکستان کی عزت ، وقار اور سفیر ہے ۔حکمرانوں نے پی آئی اے کے تین ملازمین کو قتل کر کے اپنے عزت ، وقار اور سفیر کو قتل کیا ہے ۔اس وقت پاکستان جس دہشت گردی کا شکار ہے اس کی بنیاد ی وجہ حکومت کا کردارہے جو نہتے احتجاجی مظاہرین پر گولی کا راستہ اختیار کرتی ہے ۔

احتجاج اور مذاکرات جمہوریت کا حصہ ہیں۔ پرامن احتجاجی مظاہرین پر حکومت نے گولیاں چلاکر فاشزم کیا ارتکاب کیا ہے ۔ پچھلے تین مہینوں میں پی آئی اے نے ساڑھے تین ارب روپے منافع کمایا ہے حکمران ایک منافع بخش ادارے کو آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر فروخت کر کے ٹھیکیداروں اور سرمایہ داروں کو نواز نا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

حکمرانوں کو بے گناہ ملازمین کے خون کا حساب دیناہوگا ۔

حکمران قومی اداروں کو فروخت کرنے کی بجائے کرپشن پر قابو پائیں اور مینجمنٹ کو ٹھیک کریں۔مسئلہ صرف اداروں کی نیلامی کا نہیں ، نظام کا ہے عوام ان ظالم ٹھیکیداروں سے نجات اور عادلانہ و منصفانہ نظام کے لیے اٹھ کھڑے ہوں ۔نواز حکومت نے بے گناہ لوگوں کو قتل کر کے خود اپنے حکومت کے خلاف فیصلہ دے دیا ہے کہ وہ مزید حکمرانی کے حق دار نہیں ہے ۔

جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق وہ پشاور میں پی آئی اے ملازمین کے احتجاجی مظاہر ے سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر عنایت اﷲ خان ، وزیر خزانہ مظفر سید ، وزیر مذہبی امور حاجی حبیب الرحمان ، نائب امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد اقبال خلیل ، پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر سجا د احمد ، چیرمین کفایت اﷲ ، امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور صابرحسین اعوان ، الخدمت تاجران کے صدر عبدالقادر اور دیگر قائدین بھی موجود تھے ۔

سینیٹر سراج الحق نے جاں بحق ملازمین کے لیے ختم القرآن میں حصہ لیا اور دعاء کی ۔ اس موقع پر سراج الحق نے مظاہر ین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے تاریخی ظلم کیا ہے ۔ حکومت پی آئی اے کی نجکاری اور یہاں پرٹھیکیداری نظام لانا چاہتی ہے جس کو عوام نے بھی مستر د کر دیااور پارلیمنٹ میں ممبران کی اکثریت اور تمام سیاسی جماعتیں بھی اس کے خلاف ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ کراچی میں جن ملازمین کا خون بہایا گیا ہے۔ ان کی ایف آئی آر فوری طور پر درج کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ جو ظلم کچھ عرصہ قبل ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہوا تھا اور چودہ لوگ شہید کیے گئے تھے اور ان کی ایف آئی آر بھی درج نہیں کی گئی تھی اور لوگ مجبور ہوکر اسلام آباد میں دھرنے دینے پہنچ گئے ۔ انہوں نے کہاکہ جاں بحق افراد کی ایف آئی آر نہ کاٹنا ظلم ہے ۔

سینیٹر سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ اگر پی آئی اے خسارے میں ہے تو حکومت انتظامیہ کو بہتر بنائے ، کرپشن کا خاتمہ کر کے تمام فیصلے میرٹ پر کیے جائیں اور منافع میں ملازمین کو شریک کیا جائے حکمرانوں نے کرپشن کے خاتمے اور انتظامیہ کو بہتر بنانے کے بجائے پی آئی اے کی نجکاری کا فیصلہ کرلیا جسے ہم مسترد کرتے ہیں ۔ ہم اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے حق میں ہے ۔