ملک و قوم کیلئے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائیگا ایک دن ضرور رنگ لائیگا، اسد قیصر

جمعرات 4 فروری 2016 19:27

صوابی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 فروری۔2016ء ) سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ملک اور قوم کے لئے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائیگا اور ایک دن ضرور رنگ لائیگا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کے روز اپنے غیر ملکی دورے سے واپسی کے فوراً بعد صوابی میں سانحہ باچا یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سید حامد حسین شہید کی رہائشگاہ واقع محلہ شیر داد خیل صوابی میں تعزیت کے موقع پر کیا۔

انہوں نے اسسٹنٹ پروفیسر سید حامد حسین کی شہادت پر ان کے والد لعل بھادر اور سوگوار خاندان کے دیگر افراد سے دلی تعزیت کی اور شہید سید حامد حسین کی مغفرت اور بلندی درجات کی دعا کی ۔سپیکر اسد قیصر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہید اسسٹنٹ پروفیسر سید حامد حسین کی جراء ت اور بھادری کی تعریف کی اور انہیں زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

سپیکر اسدقیصر نے کہا کہ سید حامد حسین شہید نے دوسرے لوگوں کیلئے ایک قابل تقلید مثال قائم کی ہے انہوں نے کہا کہ صوبہ باالخصوص صوابی کے عوام کو سید حامد حسین شہیدکی بھادری اور بے مثال قربانی پر ناز ہے سپیکر اسدقیصر نے کہا کہ سید حامد حسین نے انکے ساتھ بحیثیت استاد ایک ہی ادارے میں کام کیا ہے اور وہ شروع سے ہی انکی بھادری دلیری اور اپنے کام میں لگن کے قائل تھے ۔

انہو ں نے کہا کہ سید حامد حسین اعلی سول ایوارڈ کے مستحق ہیں اور اس بارے میں انکی بھر پور کوشش ہوگی اور ان کی تمامتر ہمدردیاں شہید سید حامد حسین کے سوگوار خاندان کے ہمرا ہ ہیں اس موقع پر شہید سید حامد حسین کے والد لعل بھادر نے سپیکر اسدقیصر سے کہا کہ وہ دکھ اور غم اس گھڑی میں وزیر اعلی پرویز خٹک کے بطور خاص شکرگذار ہے جو اس موقع پر تعزیت اور افسوس کیلئے ان کے غریب خانے پر خود چل کرآئے انہوں نے کہا کہ اس سانحہ میں وزیر اعلی کی ہدایات پر صوبائی حکومت ،حکومتی اہلکاروں اور ضلعی انتظامیہ نے ان کی بھر پور دلجوئی کی جس کے لئے وہ وزیر اعلی پرویز خٹک اور حکومتی اداروں و اہلکاروں کے شکرگذار ہیں ۔

قبل ازیں سپیکر صوبائی اسمبلی اسدقیصر پاکستان تحریک انصاف چھوٹا لاہور کے سرگرم کارکن مقتول انعام اللہ شیر کے تعزیت کیلئے ان کے گھر واقع چھوٹا لاہور گئے اور ان کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا اس موقع پر سپیکر اسدقیصر نے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے صبر جمیل کی بھی دعا کی ۔سپیکر اس موقع پر کہا کہ انعام اللہ شیر کی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں اور وہ ایک محنتی کارکن تھے اور ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا