ہڑتالی ڈاکٹروں کا پیسہ کمانے کا نیا طریقہ ،دن کے وقت ہسپتال کے اوپی ڈی کو تالے لگاؤ اورشام کوکلینکس سے بھاری رقوم بٹورتے رہو

جمعرات 4 فروری 2016 19:02

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 فروری۔2016ء ) ایل آر ایچ ایم ٹی آئی پشاورمیں ہونے والی ہڑتال میں جن ڈاکٹروں نے حصہ لیا اور ہسپتال کا ماحول خراب کیا ان ڈاکٹروں نے ہڑتال سے فارغ ہوتے ہی اپنی ذاتی کلیکنس کا رخ کیا اوران مریضوں سے بھاری رقوم وصول کیں جن کو ہڑتال کے باعث ہسپتال میں علاج کی سہولت میسر نہ ہوسکی ۔ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق ہڑتال کرنیوالے ڈاکٹروں کا اصل مقصد اپنی پرائیویٹ کلنکس میں لوگوں سے بھاری رقوم وصول کرناہے ان کا بنیادی مطالبہ ہی یہی ہے کہ وہ ڈیوٹی سے غیر حاضر رہیں اور اس مقصد کے لئے ہڑتالوں کا سہارالے رہے ہیں جاری بیان کے مطابق ہڑتالی ڈاکٹر صاحبان ہڑتال کے فورابعد اپنی کلینک پہنچے اور ہسپتال میں علاج کی سہولت نہ ملنے پر مریضوں کا کلینک میں علاج کیااور بھاری رقوم بٹورتے رہے ۔

(جاری ہے)

بیان میں کہاگیا ہے کہ ہسپتال انتظامیہ نے اعلی حکام سے سفارش کی ہے کہ ایسے انسانیت دشمن ڈاکٹروں سے سختی سے نمٹا جائے اور ان کی کلینکس ہڑتال کے دن سیل کیاجائے تاکہ غریب عوام کے استحصال کو روکاجاسکے اور سرکاری ہسپتالوں میں علا ج معالجے کی سہولت کو یقینی بنا یا جائے ۔بیان میں کہاگیاہے کہ صوبے کے سب سے بڑے ہسپتال ایل آر ایچ میں بہتر طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور مزید بہتری کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں ہڑتالی ڈاکٹر عوام کو گمراہ کرنے کے لئے پروپیگنڈہ کررہے ہیں کہ ہسپتال کی پرائیواٹائزیشن ہورہی ہے تاکہ ہسپتال کی ساکھ خراب ہو اور ان کے کلینکس چلتے رہے اوربھاری رقوم وصول کرتے رہے۔