Live Updates

مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے میدان مارنے کی کوشش کرے گی، ہم اس کا بھرپور مقابلہ کرینگے ، آزاد کشمیرکے انتخابات کے براہ راست اثرات جنگ بندی لائن کے دونوں اطراف میں بسنے والے کشمیریوں کی زندگیوں پر مرتب ہوں گے ، پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں زبردست شرکت کرے گی،کشمیر ی عوام کی اپنے حقوق کیلئے مثالی جدوجہد کی ہے، اہل کشمیر کی حق خودارادیت کیلئے کی جانے والی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں،آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کا پیغام تیزی سے پھیل رہا ہے

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا تحریک انصاف آزاد کشمیر کے مرکزی سیکرٹریٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعرات 4 فروری 2016 18:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 فروری۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایک دفعہ پھر الزام عاید کرتے ہوئے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے میدان مارنے کی کوشش کرے گی،تاہم تحریک انصاف اس کا بھرپور مقابلہ کرے گی ، آزاد کشمیرکے انتخابات کے براہ راست اثرات جنگ بندی لائن کے دونوں اطراف میں بسنے والے کشمیریوں کی زندگیوں پر مرتب ہوں گے، یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اہل کشمیر کی حق خودارادیت کیلئے کی جانے والی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کی عوام نے اپنے حقوق کیلئے مثالی جدوجہد کی ہے اور لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔

تحریک انصاف اہل کشمیر کی حق خودارادیت کیلئے کی جانے والی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

(جاری ہے)

آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کا پیغام تیزی سے پھیل رہا ہے، آزاد کشمیر میں ہونے والے انتخابات میں تحریک انصاف بھرپور طریقے سے شرکت کرے گی۔ اہلیت اور کردار کی بنیاد پر ایسے نمایندے سامنے لائینگے جو کہ کشمیر کے عوام کی صحیح معنوں میں نمائندگی کا حق ادا کر سکیں۔

۔ وہ جمعرات کو یہاں اسلام آباد کے نواح میں تحریک انصاف آزاد کشمیر کے مرکزی سیکرٹریٹ کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرح آزاد کشمیر میں بھی دھاندلی کی تیاریاں عروج پر ہیں، ابھی تک آزاد کشمیر میں انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمشنر کا تقرر نہیں کیا جاسکا۔ ہمارا یقین ہے کہ حکومتی جماعت مسلم لیگ نواز جیت کیلئے دھاندلی ہی کا سہارا لے گی،تاہم تحریک انصاف اس کے عزائم کے رستے میں رکاوٹ بنے گی اور دھاندلی زدہ سوچ کا پوری قوت سے مقابلہ کیا جائیگا۔

اس ماہ کشمیر کی سونامی کا آغاز ہوگا جس سے تبدیلی کا پیغام کشمیری عوام میں مزید مقبول ہوگا اور اس کے اثرات آئندہ انتخابات پر مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف مطالبہ کرتی ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں دھاندلی کی کوششوں سے باز رہا جائے کیونکہ اس کے سنگین اثرات برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں الیکشن مشینری کے تقرر کے حوالے سے تاخیر تشویشناک ہے کیونکہ اس سے الیکشن انتخابات کی شفافیت پر برے اثرات مرتب ہوں گے۔

حکومتی جماعت مسلم لیگ نواز نے مئی 2013کے انتخابات میں الیکشن کے انعقاد کے ذمہ داروں کو ساتھ ملا کر دھاندلی کی جو کہ جمہوریت کے لئے خطرناک ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف آزاد کشمیرکے انتخابات میں بھرپور طریقے سے شرکت کرے گی اور نہ صرف یہ کہ بڑے پیمانے پر کامیابی حاصل کریگی بلکہ کسی کو بھی عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیگی۔

تحریک انصاف آزادکشمیر کے مرکزی رہنما بیرسٹر سلطان محمود نے اپنے خطاب میں آزاد کشمیر کے انتخابات کی بین الاقوای مبصرین کے ذریعے الیکشن کی نگرانی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف آزاد کشمیر کی سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف آزاد کشمیر سے کلین سوئپ کرے گی اور نوجوانوں کو بااختیار بنائے گی۔ اسی ماہ چیئرمین تحریک انصاف کو آزاد کشمیر میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرنے کیلئے مدعو کرینگے اور یہ ثابت کرینگے کہ عمران خان کشمیری عوام میں مقبول ترین سیاسی قائد بن چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی نے مک مکا کے ذریعے کشمیری عوام کا استحصال کیا اور بدعنوانی اور بدانتظامی کی اعلی مثالیں قائم کیں۔ اب جبکہ تحریک انصاف کے قدم آزاد کشمیر میں پوری طرح جم چکے ہیں تو دونوں جماعتوں کی قیادت فرار کے رستے ڈھونڈ رہی ہے، جس کا موقع نہیں دیا جائیگا۔ تقریب سے اپنے خطاب میں انہوں نے مسئلہ کشمیر کے فوری اور موثر حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل انتہائی ناگزیر ہے۔

بعدازاں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ اسلام آباد ائیر پورٹ میں پی آئی اے ملازمین کے احتجاج میں شرکت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ حکومت انتہائی متنازعہ انداز میں پی آئی اے کی نجکاری کا عمل مکمل کرنا چاہتی ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پی آئی اے ملازمین کے جائز مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ ہفتے کے روز کراچی میں حکومتی بربریت کا نشانہ بننے والے پی آئی اے ملازمین سے یکجہتی کیلئے کراچی جاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پی آئی اے کی بہتری کیلئے ملازمین کی تجاویز کا خیر مقدم کرتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کے پی آئی اے جیسے قومی ادارے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے موثراصلاحات کی جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے کی اصلاح کیلئے اسے پرائیوٹائز کرنے کی بجائے مینجمنٹ میں ضروری تبدیلیاں لائی جائیں اور پیشہ وارانہ مہارت کے حامل افرادکو اس کے انتظامی امور سونپے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بدعنوانی اور بدانتظامی ختم کرنے کی بجائے قومی اثاثوں سے جان چھڑنا چاہتی ہے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی بدعنوانی کی قیمت عوام پر بھاری ٹیکسوں کی صورت میں وصول کرنے کی رسم کا بھی خاتمہ کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ مسلم لیگ نواز کی وفاقی حکومت اپنے دور اقتدار کے ابتدائی ڈھائی برس میں ملک پر پانچ ہزار ارب کے قرضوں کا بوجھ لاد چکی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات