اقوامِ متحدہ کے پینل نے جولین اسانج کے حق میں فیصلہ دیدیا

جمعرات 4 فروری 2016 16:28

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 فروری۔2016ء )اقوامِ متحدہ کے ایک پینل نے وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کی جانب سے ’غیرقانونی حراست‘ کی درخواست پر ان کے حق میں فیصلہ دے دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اقوامِ متحدہ کے پینل نے وکی لیکس کے بانی جولیئن اسانج کی جانب سے ’غیرقانونی حراست‘ کی درخواست پر ان کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے ۔

اسانج برطانیہ سے سویڈن ملک بدری سے بچنے کے لیے جون 2012 سے مغربی لندن کے علاقے نائٹس برج میں واقع ایکواڈور کے سفارتخانے میں پناہ گزین ہیں۔جولیئن اسانڑ کو سویڈن میں دو خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام کا سامنا ہے۔ وہ اس الزام کی تردید کرتے ہیں اور 2012 سے سویڈش استغاثہ ان سے تفتیش کرنے میں ناکام رہا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے 2014 میں ’بلاوجہ یا ذاتی عناد کی بنا پر حراست‘ کے معاملات کا جائزہ لینے والے اقوامِ متحدہ کے ورکنگ گروپ کو درخواست دی تھی کہ انھیں ’بلاوجہ حراست‘ کا سامنا ہے اور اگر وہ سفارتخانے سے نکلے تو انھیں لازمی گرفتار کیا جائے گا۔

جمعرات کو اس درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے پینل نے اسانڑ کے حق میں فیصلہ دیا۔اقوامِ متحدہ کا یہ پینل قانونی ماہرین پر مشتمل ہے جس نے اس معاملے میں برطانیہ اور سویڈن سے ثبوت جمع کیے یہ پینل ماضی میں بھی حراستوں کے قانونی یا غیرقانونی ہونے کے بارے میں رائے دے چکا ہے۔تاہم برطانوی یا سویڈش حکام اس کے رائے ماننے کے پابند نہیں اور برطانوی دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ اسانڑ کو سویڈن کے حوالے کرنے کا پابند ہے۔

جولیئن اسانڑ نے جمعرات کو ہی کہا تھا کہ اگر اقوام متحدہ کا پینل یہ قرار دے کہ ان کی گرفتاری غیرقانونی نہیں تو وہ خود کو برطانوی پولیس کے حوالے کرنے کے لیے تیار ہیں۔ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ اس صورت میں وہ قبول کر لیں گے کہ ’مزید اپیل کرنا بیمعنی ثابت ہوگا۔‘گذشتہ دسمبر میں ایکواڈور نے اس بات پر رضامندی ظاہر کی تھی کہ سویڈن کے حکام اسانڑ سے پوچھ گچھ کر سکتے ہیں۔

جولیئن اسانڑ کو یہ بھی خدشہ ہے کہ سویڈن ملک بدری کے بعد سویڈش حکام انھیں امریکہ بھیج دیں جہاں خفیہ امریکی دستاویزات شائع کرنے کی وجہ سے ان پر مقدمہ چلایا جا سکتا ہے۔برطانیہ کی جانب سے ایکواڈور پر الزام لگایا جا سکتا ہے کہ وہ اپنے سفارت خانے میں جولیئن اسانڑ کو پناہ دیے کر انصاف کا راستہ روک رہا ہے۔