حکومت پنجاب نے یونیورسٹیز اور کالجز کیلئے نیا ہدایت نامہ جاری کردیا

دوسرے صوبوں سے آنیوالے طلبہ کی سپیشل برانچ سے کلیئرنس کے بغیر یونیورسٹیز میں داخلے پر پابندی لگا دی گئی

جمعرات 4 فروری 2016 13:28

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 فروری۔2016ء) حکومت پنجاب نے یونیورسٹیوں اور کالجوں میں سیکیورٹی کیلئے نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق دوسرے صوبوں سے آنیوالے طلبہ کی سپیشل برانچ سے کلیئر نس کے بغیر یونیورسٹیوں میں داخلے پر پابندی ہو گی جبکہ تعلیمی اداروں میں مذہبی و لسانی بنیادوں پر کام کرنیوالے تمام طلبہ گروپس پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔

انتظامیہ شدت پسند نظریات کے حامل اساتذہ اور طلبہ کی سخت نگرانی کریگی۔ یونیورسٹیوں میں ہونیوالے سیمینارز اور کانفرنس میں متنازعہ سپیکرز کے لیکچرز پر بھی پابندی ہو گی جبکہ مذہبی ہم آہنگی کیلئے جامعات کو پروگرامز مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ ادھر نشتر میڈیکل کالج وہسپتال میں سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کے حوالے سے اہم قدامات کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

ہسپتال کیلئے 10 خاتون سکیورٹی گارڈز بھرتی کی گئی ہیں ، سکیورٹی گارڈز کو وائرلس سیٹ بھی فراہم کئے گئے ہیں اور کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا۔ تین مقامات ایڈمن بلاک ، رفیدہ ہال گرلز ہاسٹل اور اقبال اہل بوائز ہاسٹل پر سائرن لگائے گئے ہیں۔ مختلف مقامات پر مزید کلوز سرکٹ کیمرے بھی لگائے جارہے ہیں۔ میڈیکل کالج کے بھی تمام داخلی دروازے بند کر کے صرف کمیونٹی میڈیسن کا مین گیٹ کھولا گیا ہے۔

تمام ڈاکٹر ز افسران اور ملازمین کو دفتری اوقات کار میں گلے میں شناخت کے نیم کارڈ لٹکانے جبکہ تمام درجہ چہارم میں ملازمین کو یونیفارم میں حاضر ہونے کا پابند بنایا گیا ہے۔ اس ضمن میں ایڈیشنل ایم ایس کے دستخطوں سے گزشتہ روز سرکلر جاری کر دیا گیا ہے جس میں یہ اقدامات سیکیورٹی کی وجہ سے کئے جانے کے بارے لکھا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :