ویران پاکستانی میدانوں کو آباد کرنے کیلئے پی سی بی کی نئی تدبیر

جمعرات 4 فروری 2016 12:59

ویران پاکستانی میدانوں کو آباد کرنے کیلئے پی سی بی کی نئی تدبیر

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 فروری۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی ورلڈ ٹی ٹونٹی میں شریک کمزور ٹیموں کو تیاری کرانیکی آفر، عمان، ہانگ کانگ اور افغانستان کو دعوت نامے ارسال، دعوت ناموں میں زمبابوین ٹیم کیلئے کئے گئے سیکیورٹی انتظامات کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویران پاکستانی میدانوں کو آباد کرنے کیلئے نئی تدبیر سوچ لی ہے۔

پی سی بی نے ورلڈ ٹی ٹونٹی میں شرکت کرنیوالی کمزور ٹیموں کو بھرپور تیاری کرانے کی پیشکش کر دی ہے۔ عمان، ہانگ کانگ اور افغانستان کے بورڈز کو آفر کے دعوت نامے بھی بھجوا دیئے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے عمان، ہانگ کانگ اور افغانستان کے بورڈز کو بھجوائے گئے دعوت ناموں کے ساتھ گزشتہ سال زمبابوے کے دورہ پاکستان کے دوران کئے گئے سیکیورٹی کے شاندار انتظامات کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پی سی بی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ چیئرمین شہریار خان نے آئی سی سی سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ ورلڈ ٹی ٹونٹی سے پہلے کوالیفائنگ راوٴنڈ کھیلنے والے ممالک کو پاکستان میں تیاری کیلئے دورہ کرنے پر راضی کرنے میں مدد کرے۔ورلڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ اگلے ماہ بھارت میں کھیلا جائیگا۔ کوالیفائنگ راوٴنڈ کھیلنے والے ممالک میں زمبابوے اور بنگلا دیش کے علاوہ آئر لینڈ، سکاٹ لینڈ، نیدرلینڈز، عمان، ہانگ کانگ اور افغانستان شامل ہیں۔ کوالیفائنگ راوٴنڈ کی دو ٹاپ ٹیمیں آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی کا مین راوٴنڈ کھیلنے کی اہل ہونگی۔