شرجیل میمن کے خلاف کرپشن کے ثبوت مل گئے، وطن واپسی پر گرفتار کرلیا جائے گا، قومی احتساب بیور

جمعرات 4 فروری 2016 12:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 فروری۔2016ء) نیب نے سابق مشیر اطلاعات و نشریات سندھ شرجیل میمن کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں رپورٹ جمع کرادی ہے۔تفصیلات کے مطابق شرجیل میمن کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی گئی تھی جس میں انہوں نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ان کے خلاف نیب کی تحقیقات بے بنیاد ہیں ، وطن واپسی پر انہیں گرفتار کیے جانے کا خدشہ ہے اس لیے ان کی حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔

(جاری ہے)

درخواست کی سماعت کے دوران نیب نے عدالت کے روبرو انکوائری رپورٹ جمع کرائی جس میں کہا گیا ہے کہ شرجیل میمن کیخلاف محکمہ اطلاعات میں کرپشن کے ثبوت ملے ہیں۔وطن واپسی پر شرجیل میمن کو گرفتار کرلیا جائے گا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ محکمہ اطلاعات سندھ میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی ہے جس میں شرجیل میمن براہ راست ملوث ہیں۔عدالت نے شرجیل میمن کی درخواست پر حکم سناتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے سفری دستاویزات پیش کی جائیں اور انکوائری کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا جائے جس کے بعدفیصلہ کریں گے

متعلقہ عنوان :