پی آئی اے ملازمین حکمرانوں کی رعایا نہیں، ظلم جبر سے اور طاقت کے بل بوتے پر حکومت چلانا گڈگورننس نہیں‘محمود الرشید

پی آئی اے ملازمین کے جائز مطالبات تسلیم کرنے کی بجائے ان پر وحشیانہ تشدد نے آمروں کی یاد تازہ کردی‘اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی

بدھ 3 فروری 2016 20:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 فروری۔2016ء ) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے کہا کہ پی آئی اے ملازمین حکمرانوں کی رعایا نہیں، ظلم جبر سے اور طاقت کے بل بوتے پر حکومت چلانا گڈگورننس نہیں، معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور ائیر پورٹ پر ملازمین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر میاں محمودالرشید نے کہا کہ ملازمین کے جائز مطالبات تسلیم کرنے کی بجائے ان پر وحشیانہ تشدد نے آمروں کی یاد تازہ کردی، تشدد کسی مسئلے کا حل نہیں حکومت معاملات سلجھانے کی بجائے بگاڑ رہی ہے۔ حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث پہلے قومی ادارہ تباہ ہوا اب ملازمین کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ حکومت پی آئی اے ملازمین سے مذاکرات کی بجائے فریق بن بیٹھی ہے، حکومت پی آئی اے ملازمین کے جائز مطالبات تسلیم کرے۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ہم پی آئی اے سمیت تمام قومی اداروں کا تحفظ کرینگے اور حکومت کو کسی غیر آئینی طریقے سے من پسند فیصلے نہیں کرنے دینگے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میں محمودالرشید نے کہا کہ حکمرانوں کو بے گناہ اور جائز مطالبات رکھنے والے مظاہرین کے قتل کا حساب دینا ہوگا اس حوالے سے عدالتی تحقیقات کرائی جائیں۔