صوابی،ضلع کونسل نے ترقیاتی بجٹ اور ضلع کونسل سیکرٹریٹ ملازمین کی تنخواہوں اور دفتری اخراجات کی منظوری دیدی

بدھ 3 فروری 2016 18:35

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 فروری۔2016ء) ضلع کونسل کے 56اراکین نے ترقیاتی بجٹ سال 2015-16 مبلغ43کروڑ 69لاکھ 99ہزار روپے اور ضلع کونسل سیکرٹریٹ ملازمین کی تنخواہوں اور دفتری اخراجات کے مد میں ایک کروڑ ، 47لاکھ ، پانچ ہزا ر روپے کی منظوری دے دی جب کہ اپوزیشن کے ستائیس اراکین نے بجٹ منظور کر نے سے قبل واک آوٹ کیا۔ بجٹ کا اختتامی اجلاس کنوینئر حاجی عصر خان کی صدارت میں ہوا جس میں اراکین کونسل عامر نواب ، حاجی عبدالرازق ، جہانزیب خان، شائستہ ناز ، عامر نواب ، نگینہ جان ، حشمت اللہ ، حیات اللہ خمینی ، مولانا مشتاق حسین اور دیگر نے بجٹ کو متوازن قرار دیتے ہوئے ناظم اعلیٰ امیر الرحمن کو خراج تحسین پیش کیااور کہا کہ اپوزیشن نے تجاویز پر بجٹ میں تر میم کر کے ایک اچھا اقدام کیا۔

(جاری ہے)

اور تمام اراکین کے لئے مساوی طور پر فنڈز مختص کر کے ایک نئی روایت قائم کر دی۔ اپوزیشن کونسلر سلیم خان نے کہا کہ ضلعی سطح پر بڑے تر قیاتی منصوبوں میں کونسل کے ہر رکن کو شامل کیا جائے۔ تاکہ پیسے صحیح طریقے سے خرچ کئے جا سکے ورنہ ہم بجٹ پاس نہیں کر نے دینگے ۔جس پر اپوزیشن قائد عزیز اللہ نے تمام اراکین سے واک آوٹ کر نے کی ہدایت کی اور تمام اپوزیشن اراکین بجٹ پاس کر نے سے قبل واک آوٹ کر کے چلے گئے ان کی غیر موجودگی میں حکومتی اراکین نے متفقہ طور پر بجٹ پاس کیا اس موقع پر ضلعی ناظم امیر الرحمن نے بجٹ پاس کر نے پر تمام اراکین کا شکریہ ادا کر تے ہوئے کہا کہ میں نے پہلی تقریر میں کہا تھا اور اب بھی اس پر قائم ہوں کہ ہمارا یہ اسمبلی نہیں بلکہ صوابی کا جر گہ ہے اور یہ رہے گا۔

تعمیری تنقید اپوزیشن کا حق ہے اور یہ جمہوریت کا حسن بھی ہے ۔انہوں نے اعلان کیا کہ ضلع کونسل کے 56اراکین میں فی کونسل سات سات لاکھ روپے جب کہ کسان ، یوتھ ، زنانہ اور اقلیتی کونسلروں میں فی کونسلر پانچ لاکھ روپے برابری کی بنیاد پر تقسیم کرینگے ۔ اور کسی کی حق تلفی نہیں ہو گی انہوں نے صوبائی حکومت اور صوبائی مالیاتی کمیشن سے اپیل کی کہ آئندہ بجٹ 2016-17میں آبادی کے تناسب سے ضلع کونسل صوابی کا بجٹ دیا جائے کیونکہ صوبائی اور مرکزی حکومتوں کے پاس ٹو بیکو سیس ، شوگر سیس اور بجلی رائلٹی کے اربوں روپے پڑے ہیں ۔

ہمارا مطالبہ ہے کہ ضلع کونسل صوابی کے فنڈز میں اضافہ کر کے زیادہ سے زیادہ فنڈز دئے جائیں دیگر جو سکیمیں ہے وہ اراکین کونسل لیٹر پیڈ پر تحریر کر کے ارسال کریں تاکہ یہ سکیمیں قائم کمیٹی فائنل کر سکے ۔ تمام ممبران کی مشاورت سے پی سی ون بنے گا اپوزیشن کی تجاویز پر بجٹ میں تر میم کی گئی اور ان کے مطالبے پر تمام سکیموں میں ردو بدل کی گئی جب کہ صوابدیدی اختیارات کے تحت دس لاکھ روپے معذوروں کی ویل چیئیرز کے لئے مختص کئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع صوابی کی ترقی کے لئے ہم سب کو آگے جانا ہو گا ۔اپوزیشن اور حکومت گاڑی کے دو پہیے ہے جب ایک پہیہ نہیں چل سکتا تو گاڑی نہیں چلے گی۔ہم مرکز اور صوبے سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں ہم اختیارات میں مداخلت بر داشت نہیں کر تے ہیں

متعلقہ عنوان :