قانون سب کیلئے مساوی ہے ، قیام امن پر سمجھوتہ ہرگز نہیں کرینگے،ڈاکٹر زاہد اﷲ ڈی پی او کچھی بولان

بدھ 3 فروری 2016 18:03

بولان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 فروری۔2016ء)قانون سب کیلئے مساوی ہے قیام امن پر سمجھوتہ ہرگز نہیں کرینگے۔صحافی معاشرے کے آنکھ اور کان ہوتے ہیں انکی مثبت اور غیر جانبدارانہ رپوٹنگ سے علاقائی مسائل اجاگر ہوتے ہیں پولیس اورصحافت کا چولی دامن کا ساتھ رہا ہے۔ان خیالات کا اظہارڈی پی او کچھی بولان ڈاکٹر زاہد اﷲ نے پریس کلب بھاگ کے صدر عبدالرحمان بنگلزئی اور پاکستان میڈیا کونسل کچھی کے ضلعی رہنماء اور پریس کلب ڈھاڈرکے محمد عارف بنگلزئی سے اپنے دفتر میں ملاقات کے موقع پرکیا انہوں نے کہا کہ میڈیاریاست کا چوتھا اہم ستون ہے صحافی سماج میں پائی جانیوالی معاشرتی برائیوں کے خلاف اپنی قلم کے ذریعے حق اور سچائی کو اشکار کریں علاقائی اور عوام کو در پیش مسائل پر حکام بالا کی توجہ مبذول کرانے کیلئے اپنی کوشیشوں کو مذید موثر بنائیں تاکہ عوامی مسائل کا ادراک ممکن ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صحافی برادری اور عوام ضلع میں جرائم کے خاتمے کیلئے پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں تاکہ ضلع میں پولیس کو امن امان کو برقرار رکھنے کیلئے کوئی دشواری پیش نہ آئے ۔ضلع کچھی میں جرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع کرکے ضلع کو مثالی امن گاہ بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ فرائض میں غفلت اور لاپرواہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے ضلع کے وسیع عریض علاقے میں غیر معمولی گشت میں اضافہ کرکے عوام کو امن کا احساس دلانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔پولیس سے عوام کو کوئی بھی شکایت ہو تو ہمارے دروازے ہر وقت کھلے رہیں گے۔