سندھ اسمبلی نے پی آئی اے ملازمین پر تشد کیخلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی

ارکان اسمبلی پی آئی اے ملازمین پر تشدد اور اس کے نتیجے میں ہونیوالے جانی نقصان پر سیاہ پٹیاں باندھ کر شریک ہوئے

بدھ 3 فروری 2016 17:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 فروری۔2016ء) سندھ اسمبلی نے پی آئی اے ملازمین پر تشد کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی ہے۔اسپیکر آغا سراج درانی کی سربراہی میں بدھ کوسندھ اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو ارکان اسمبلی پی آئی اے ملازمین پر تشدد اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر سیاہ پٹیاں باندھ کر شریک ہوئے۔

اجلاس کے آغاز پر واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کے لئے جلد صحت یابی کی دعا کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس کا باقاعدہ آغاز ہوا تو سینیئر وزیر نثار کھوڑو نے واقعے کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی، جس پر ایم کیو ایم کی جانب سے اعتراض کیا کہ ان کی جماعت نے رات کو قرارداد جمع کرائی تھی انہیں پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔ اس دوران سینئیر وزیر اور قائد حزب اختلاف کے درمیان گرما گرم بحث ہوئی۔

جس پر ایم کیو ایم سمیت اپوزیشن کے ارکان اپنی سیٹوں پر کھڑے ہوگئے ۔شورشرابے کے بعد سندھ اسمبلی میں مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ مذمتی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ پی آئی اے ملازمین کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے۔