چیپل ہیڈلی ٹرافی ،نیوزی لینڈ نے پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا کو 159 رنز سے شکست دیدی

بدھ 3 فروری 2016 16:35

آکلینڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 فروری۔2016ء) چیپل ہیڈلی ٹرافی ٹورنامنٹ میں نیوزی لینڈ نے پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا کو 159 رنز کی بدترین شکست سے دوچار کر کے 3 میچوں کی سیریز میں0-1 کی برتری حاصل کر لی ۔308ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 24.2اوورز میں148رنز بنا کر آؤٹ،آسٹریلیا کے 6بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے،آسٹریلیا کی جانب سے میتھیو ویڈ 37اور جیمز فالکنر 36رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے،نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولڈ اور میٹ ہینری نے 3,3 اور مچل سینٹنر نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایڈم ملنے اور کورے اینڈرسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کے ماٹن گپٹل کو میچ میں 90رنز بنانے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ون ڈے 6فروری کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق آکلینڈ میں کھیلے گے پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کا دعوت دی۔ کیوی بلے بازوں نے خوب ہاتھ کھولے اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 307 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔

مارٹن گپٹل نے 90رنز اور ہینری نکولس نے 61 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں میکالم نے 44، کین ولیمسن نے 0، گرانٹ ایلیٹ نے 21، کورے اینڈرسن نے 10، لوک رانچی نے 16، مچل سینٹنر نے 35، ایڈم ملنے نے 14 اور میٹ ہینری نے 5 رنز بنائے۔آسٹریلیا کی جانب سے ہیزل ووڈ، جیمز فالکنر اور مچل مارش نے 2,2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ جان ہیسٹنگز نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور 25 ویں اوور میں ہی پوری ٹیم کی بساط لپٹ گئی۔ آسٹریلیا کے 6 بلے باز دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی ناکام رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے شان مارش نے 5، ڈیوڈ وارنر نے 12، سٹیو سمتھ نے 18، جارج بیلی نے 2، جیمز فالکنر نے 36، جان ہیسٹنگز نے 8 اور کین رچرڈسن نے 19 رنز بنائے جبکہ گلین میکس ویل، مچل مارش اور جوش ہیزل ووڈ کوئی سکور بنائے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولڈ اور میٹ ہینری نے 3,3 اور مچل سینٹنر نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایڈم ملنے اور کورے اینڈرسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ عنوان :