متحدہ عرب امارات پاکستان سپر لیگ کے لیے تیار،تمام انتظامات مکمل

بدھ 3 فروری 2016 16:26

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 فروری۔2016ء) پاکستان کی پہلی بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ لیگ آج جمعرات سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہو رہی ہے جس کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔لیگ کا افتتاحی میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا۔مصباح الحق اسلام آباد اور سرفرازاحمد کوئٹہ کی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔

ٹورنامنٹ میں شریک ٹیمیں دبئی پہنچ چکی ہیں جبکہ گزشتہ روز غیر ملکی کھلاڑیوں نے بھی اپنی اپنی ٹیم کو جوائن کر لیا ،گزشتہ روز دبئی میں تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں نے مختلف اوقات میں بھر پور پریکٹس سیشن میں حصہ لیا جبکہ کوچز نوجوان کرکٹرز کو ٹپس دیتے نظر آئے۔ آج ہونیوالی افتتاحی تقریب میں علی ظفر و دیگر پرفارم کرینگے23فروری تک جاری رہنے والے ایونٹ میں کل 24میچ کھیلے جائینگے۔

(جاری ہے)

پی سی بی کے چیئرمین شہریارخان اور پی ایس ایل کی گورننگ کونسل کے سربراہ نجم سیٹھی کی بھی افتتاحی تقریبات کیلئے دبئی آمد ہو چکی ہے۔ سی او او سبحان احمد آئی سی سی اجلاس میں شرکت کیلئے پہلے ہی دبئی میں موجود ہیں۔ چیئرمین شہر یار خان دبئی میں اپنے قیام کے دوران پی ایس ایل کی تقریبات کے علاوہ آئی سی سی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے جبکہ ڈائریکٹر میڈیا امجد بھٹی لاہور سے دبئی پہنچ چکے ہے ۔

تمام ٹیموں کے غیر ملکی پلیئرز اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں مصروف رہنے والے قومی ٹیم کے کھلاڑی بھی دبئی پہنچ کر اپنی اپنی ٹیموں کو جوائن کر چکے ہیں۔لاہور قلندر نے پاکستان کی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی کو اپنا کپتان مقرر کیا ہے۔ کراچی کنگز کی کپتانی شعیب ملک کے سپرد ہے جبکہ پشاور زلمی قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔

اس لیگ کے دوران مجموعی طور پر 24 میچ دبئی اور شارجہ میں کھیلے جائیں گے۔پاکستان سپر لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کے علاوہ 30 غیر ملکی کرکٹرز بھی حصہ لے رہے ہیں جن میں انگلینڈ کے کیون پیٹرسن، آسٹریلیا کے شین واٹسن اور شان ٹیٹ، ویسٹ انڈیز کے کرس گیل، لینڈل سمنز، ڈوین براوو اور ڈیرن سیمی، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن، مشفق الرحیم اور تمیم اقبال، زمبابوے کے ایلٹن چگمبورا اور افغانستان کے محمد نبی قابلِ ذکر ہیں۔

سری لنکا کے کمار سنگاکارا اور تلکارتنے دلشن سپلیمنٹری کرکٹرز میں شامل ہیں۔ سنگاکارا ان دنوں ماسٹرز چیمپینز لیگ میں مصروف ہیں۔ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر اپنے کرکٹ بورڈ کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے سبب پاکستان سپر لیگ میں حصہ نہیں لے سکتے اور ان کی جگہ سری لنکا کے تشارا پریرا کوئٹہ کی ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔یاسر شاہ کی ڈوپنگ کے نتیجے میں معطلی کے بعد لاہور قلندر نے سری لنکا کے اجانتھا مینڈس کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

بنگلہ دیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمن بھی کندھے کی تکلیف کے سبب ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔ اس سے قبل ان کے بارے میں بھی یہ خبریں آئی تھیں کہ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ انھیں یہ لیگ کھیلنے کی اجازت دینے کے لیے تیار نہیں۔ماضی کے متعدد مشہور کرکٹرز پاکستان سپر لیگ میں کوچ کی حیثیت سے ذمہ داری نبھاتے ہوئے نظر آئیں گے۔ڈین جونز اسلام آباد کی ٹیم سے منسلک ہیں۔

جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے سابق کوچ مکی آرتھر کراچی کنگز سے وابستہ ہیں۔ انگلینڈ کے اینڈی فلاور پشاور کی ٹیم کے بیٹنگ کوچ ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے معین خان کو کوچ مقررکیا ہے جبکہ جنوبی افریقہ کے پیڈی آپٹن لاہور قلندر کے کوچ ہیں۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنے کھلاڑیوں کو مفید مشورے دینے کے لیے شہر ہ آفاق ویسٹ انڈین کرکٹر سر ویوین رچرڈز کی خدمات بھی حاصل کر رکھی ہیں جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی وسیم اکرم کے وسیع تجربے سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :