پاکستان کرکٹ بورڈ، آئی سی سی اجلاس میں فائٹ کیلئے تیار

موقف تسلیم نہ کرنے پر بگ تھری کی حمایت واپس لینے، ہرجانے کا دعویٰ کرنے اوراسپورٹس ثالثی کی عدالت میں جانے کے آپشن پی سی بی کے پاس موجود ہیں

بدھ 3 فروری 2016 16:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 فروری۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ایگزیکٹیو بورڈ کے دو روزہ اجلاس میں پاک،بھارت سیریز کا کیس بھرپور انداز سے پیش کرنے کی تیاری کرلی ہے۔موقف تسلیم نہ کرنے پر بگ تھری کی حمایت واپس لینے، ہرجانے کا دعویٰ کرنے اوراسپورٹس ثالثی کی عدالت میں جانے کے آپشن پی سی بی کے پاس موجود ہیں۔ آئی سی سی اجلاس کے ایجنڈے میں بگ تھری کی اجارہ داری سے متعلق آئینی ترمیم پرنظرثانی سرفہرست ہے۔

ممبر ممالک کی باہمی سیریز،ورلڈٹی ٹوئنٹی کی پلیئنگ کنڈیشنز اورانعامی رقم کے بارے میں بھی فیصلے کئے جائیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک،بھارت سیریز کے بارے میں اپنا کیس بھرپور انداز سے پیش کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ پی سی بی نے قانونی ماہرین سے مشاورت سے مضبوط کیس تیارکیاہے۔

(جاری ہے)

پی سی بی نے آٹھ سال میں چھ پاک،بھارت سیریز کی یقین دہانی پربگ تھری کی حمایت کی تھی۔

لیکن پاکستان کواس حمایت سے کچھ حاصل نہیں ہوا۔بگ تھری سے متعلق ترمیم پر نظرثانی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ اور آئی سی سی چیئرمین ششانک منوہر تین ملکوں کی کونسل پراجارہ داری کے خلاف بیان دے چکے ہیں۔پی سی بی کے پاس بگ تھری کی حمایت واپس لینے، ہرجانے کا دعویٰ کرنے اور اسپورٹس ثالثی کی عدالت میں جانے آپشنموجود ہیں۔