وزیراعظم عادت سے مجبور ہیں، اپنے پاوٴں پر کلہاڑی مارنا ان کی پرانی عادت ہے، قومی ایئرلائن کے ملازمین کے قتل کا مقدمہ نواز شریف پر درج ہونا چاہئے، قومی ایئرلائن کو نقصان ، وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل کو فائدہ دیا جا رہا ہے

پیپلزپارٹی کے رہنماء اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 3 فروری 2016 15:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 فروری۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ وزیراعظم عادت سے مجبور ہیں اپنے پاوٴں پر کلہاڑی مارنا ان کی پرانی عادت ہے، قومی ایئرلائن کے ملازمین کے قتل کا مقدمہ نواز شریف پر درج ہونا چاہئے، قومی ایئرلائن کو نقصان جبکہ وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی کو فائدہ دیا جا رہا ہے۔

وہ بدھ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف عادت سے مجبور ہیں اپنے پاوٴں پر کلہاڑی مارنا ان کی پرانی عادت ہے، پی آئی اے کے ملازمین کی آواز کو ڈرا دھمکا کر بند نہیں کرایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ قومی ایئرلائن کے ملازمین پر گولیاں چلنے کے بعد بھی (ن) لیگ کے وزراء دھمکیاں دینے سے باز نہیں آ رہے ان کو بھی قتل کی ایف آئی آر میں نامزد کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ شریف برادران پی آئی اے کو اونے پونے داموں خرید رہے ہیں، قومی ایئرلائن خسارے میں ہے لیکن سب سے زیادہ فائدہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اپنی ایئرلائن کو ہو رہا ہے۔سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ قومی ایئرلائن کو نقصان جبکہ وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی کو فائدہ دیا جا رہا ہے۔