ہوشاب : کوئٹہ خضدار شاہراہ کو ڈبل کیا جائے گا، ہوشاب گوادر شاہراہ کی تعمیر میں‌ ذاتی طور پر دلچسپی لینے پر آرمی چیف کا مشکور ہوں، 2018 تک ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔ وزیر اعظم نواز شریف کا ہوشاب گوادر شاہراہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 3 فروری 2016 14:28

ہوشاب :  کوئٹہ خضدار شاہراہ کو ڈبل کیا جائے گا،  ہوشاب گوادر شاہراہ کی ..

ہوشاب (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03 فروری 2016ء) : وزیر اعظم نواز شریف نے 193کلومیٹر طویل ہوشاب گوادر شاہراہ کا افتتاح کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف کے ہمراہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت بلوچستان کے گورنر،وزیر اعلی ، وفاقی وزیرمشیر قومی سلامتی اور سینیٹر میر حاصل بزنجو بھی موجود تھے۔اس شاہراہ کو مختلف مراحل میں مکمل کیا گیا۔

193کلو میٹر اس طویل شاہراہ کی تعمیر کے بعدگوادر سے انڈس ہائی وے کا سفر چار سو کلو میٹر کم ہو جائے گا ۔ اس شاہراہ کی تعمیر پر 3 ارب روپے کی لاگت آئی جبکہ 18 ماہ کی قلیل مدت میں تعمیر کی گئی،ذرائع کے مطابق اس شاہراہ کی تعمیر میں ایف ڈبلیو او کے چھبیس جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ بلوچستان کے لیے اہم ہے ، شاہراﺅں کی تعمیر سے بلوچستان کو وسطی ایشیا سے بھی ملایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تعمیر میں آرمی چیف کی ذاتی طور خصوصی دلچسپی قابل تحسین ہے جس پر میں انکا مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ کی تعمیر پردل کی گہرائیوں سے ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، اس منصوبے میںنوجوانوں اور سول انجینئیرز نے قربانیاں دیں ، جنہیں خراج تحسین پیش کرتا ہو۔ وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ بہت ترقیاں لے کر آئے گا۔

بلوچستان کو ملک کے دوسرے بڑے شہروں کے برابر لا رہے ہیں۔ بلوچستان معدنیات کی دولت سے مالا مال ہے، ماضی کی حکومتوں نے قدرتی ذخائر کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کیا لیکن ہم اسے عوام کے فائدے کے لیے استعمال کریں گے، انہوں نے کہا کہ ٹھوس کام کرنے کے لیے نعروں کی نہیں حکمت عملی کی ضرورت ہوتی ہے، خطاب کے دوران انہوں نے اعلان کیا کہ کوئٹہ خضدار روڈ کو ڈبل کیا جائے گا، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کوئٹہ خضدار ہائی وے کی تعمیر کا آغاز بھی جلد کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی صورتحال کی خرابی کے باوجود سڑک کی تعمیر جاری رہی۔ پشاور سے جلال آباد تک ایف ڈبلیو او سڑک کی تعمیر کررہا ہے۔جلال آباد سے آگے پاکستان اور افغانستان مل کر ایک سڑک بنائیں گے ۔کراچی سے لاہور موٹر وے کی تعمیر کا کام بھی کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی حکام بھی پاکستان میں ترقیاتی کاموں کے معترف ہیں کہ اتنی جلدی تو منصوبے چین میں بھی پورے نہیں ہوتے جتنی جلدی پاکستان میں مکمل ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گوادر پاکستان کے لیے ایک اہمیت کا حامل شہر بنے گا ، گوادر پورٹ کو بہت اچھی طرح ڈیولپ کیا جا رہا ہے ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ سستی بجلی کی پیداوار کے لیے نئے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔ہمارا مقصد بجلی کی کمی کو پورا کرنا نہیں بلکہ سستی بجلی کی فراہمی ہے۔2018کے آخر تک قوم کو لوڈ شیڈنگ سے بجات دلوا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں توانائی منصوبوں کی نگرانی خود کر رہا ہوں۔ پاکستان میں ترقیاتی کام تیزی سے ہو رہے ہیں۔ معاشی اعشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں، جس سے ملک میں خوشحالی آئے گی۔

متعلقہ عنوان :