چوہدری رحمت علی کی 65 ویں برسی منائی گئی

بدھ 3 فروری 2016 13:17

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 فروری۔2016ء) تحریک آزادی کے عظیم رہنما اور لفظ پاکستان کے تجویز کنندہ چوہدری رحمت علی کی 65 ویں برسی گزشتہ روز عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ چوہدری رحمت علی 16نومبر 1897 ء کو مشرقی پنجاب کے ضلع ہوشیار پور میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے پہلی مرتبہ 1915ء میں اسلامیہ کالج لاہور میں بزم شبلی کے افتتاحی اجلاس میں یہ تجویز پیش کی تھی کہ ہندوستان کے شمالی علاقوں کو ایک مسلم ریاست میں تبدیل کردیا جائے۔

1929ء میں وہ انگلستان چلے گئے جہاں 28جنوری 1933ء کو انہوں نے ایک کتابچہ ناآر نیور شائع کیا۔ اس کتابچے میں انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کا تصور پیش کیا اور اس کا نام پاک ستان تجویز کیا یہ پاک ستان آگے چل کر پاکستان بن گیا۔

(جاری ہے)

14اگست 1947ء کو چوہدری رحمت علی کے خواب کو تعبیر مل گئی مگر وہ پاکستان کی جغرافیائی حیثیت سے مطمئن نہ تھے۔

1948ء میں وہ پاکستان تشریف لائے لیکن قائد اعظم کی وفات کے بعد مسلم لیگی قیادت کے رویہ سے مایوس ہوکر واپس انگلستان لوٹ گئے جہاں انہوں نے 3فروری 1951ء کوکیمبرج ایک ہسپتال میں غریب الوطنی ناداری اور بیماری کے عالم میں وفات پائی اور وہیں آسودہ خاک ہوئے۔ مسلمانان ہند کے لیے ایک مجوزہ آزاد مملکت کا نام پاکستان تجویز کرنے والے رہ نما کو دفن ہونے کے لیے پاکستان میں دو گز زمین بھی نہ مل سکی۔

متعلقہ عنوان :